کراچی میں بھاری ٹریفک کی روانی جاری،گورنرکا چیف جسٹس کو دوسرا خط
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
انتظامی غفلت و قانون سے روگردانی حادثات کی بڑی وجہ ، شکایات مسلسل بڑھ رہی ہیں، گورنر سندھ
مجھے امید ہے سندھ ہائیکورٹ اس ضمن میں اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے گی،کامران ٹیسوری
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاہے کہ کراچی میں انتظامی غفلت اور قانون سے روگردانی حادثات کی بڑی وجہ ہے، عدالتی فیصلے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے دن کے اوقات میں بھاری ٹریفک کی روانی کو روکنے کے لیے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے نام دوسرا خط لکھ دیا۔کامران ٹیسوری نے اپنے خط میں لکھا کہ شہر میں انتظامی غفلت اور قانون سے روگردانی حادثات کی بڑی وجہ ہے، حال ہی میں ایک ہی دن میں چار شہریوں کی ہلاکت سنگین مسئلہ ہے۔گورنر نے کہاکہ سندھ ہائی کورٹ کا واضح فیصلہ ہے کہ صبح 7 بجے سے رات 11بجے تک بھاری ٹریفک شہر میں داخل نہیں ہوسکتا، اس حکم کے باوجود اس پر عملدرآمد میں عدم تسلسل کی شکایات مسلسل بڑھ رہی ہیں۔کامران ٹیسوری نے اپنے خط میں
مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ سندھ ہائیکورٹ اس ضمن میں اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔
ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
کراچی، مختلف ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق، ایک زخمی
کراچی:شہر قائد میں مختلف ٹریفک حادثات میں تین افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ ایدھی حکام کے مطابق یہ حادثات مختلف مقامات پر پیش آئے ہیں۔
پہلا حادثہ شاہ فیصل کالونی میں داتا ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت 18 سالہ اطہر علی کے نام سے کی گئی ہے۔
دوسرا حادثہ کورنگی ناصر جمپ کے قریب پیش آیا جہاں ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ ایک دیگر زخمی ہوا۔
ایدھی حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے کی شناخت 17 سالہ فہد کے نام سے کی گئی ہے، جبکہ زخمی کی شناخت 20 سالہ رؤف کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں بھائی ہیں اور انہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
تیسرا حادثہ گلشن اقبال بلاک 6 کے نیپا ہائیڈرنٹ کے قریب ہوا، جہاں ایک واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
جاں بحق ہونے والے کی شناخت کریم اللہ کے نام سے کی گئی ہے جس کی لاش بھی جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔