رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلیے مراعاتی پیکج کا فیصلہ موخر
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی بحالی کے لیے ٹیکس مراعاتی پیکیج کا فیصلہ مؤخر کر دیا ہے۔ تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سبسڈی دینے اور ذرائع آمدن ظاہر کرنے سے چھوٹ کے معاملات ابھی طے نہیں ہوسکے۔ ٹیکس حکام نے ایک بار پھر کاروباری طبقے کی طرف سے پہلی مرتبہ گھر، دکان یا دفتر خریدنے والوں کو 5 کروڑ روپے کے مساوی ایمنسٹی دینے کی تجویز کی مخالفت کی ہے۔ حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک روز قبل ہاؤسنگ سیکٹر ٹاسک فورس نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں جائیداد کی خریداری پر ٹیکسوں میں کمی اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی سفارشات کے بارے میں بتایا، ایک فائلر جائیداد کی خریداری پر جائیداد کی قیمت کا تقریباً 8 فیصد ٹیکس ادا کرتا ہے۔ ذرائع کے مطابق مجموعی طورپر ٹیکسوں میں کمی پر اتفاق پایا جاتا ہے تاہم بنیادی مسائل ابھی حل طلب ہیں۔ چیئرمین
ایف بی آر نے 3 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دہندگان پہلے ہی غیر منصفانہ لیوی کو متنازعہ قرار دے چکے ہیں اور یہ معاملہ عدالتوں میں بھی زیر بحث ہے۔ ایف بی آر کا مطالبہ ہے کہ پرانے گھروں پر جو ایک سے زاید مرتبہ فروخت ہو چکے ہیں 3 فیصد ڈیوٹی عاید کی جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ کو مراعاتی پیکیج کی نوک پلک سنوارنے اور آئی ایم ایف کو اعتماد میں لینے کی ذمے داری سونپی ہے۔ مذکورہ ملاقات میں جائیداد کی خرید و فروخت پر ٹیکس کم کرنے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے، گھر کی تعمیر کے لیے قرض پر شرح سود پر سبسڈی، پہلی بار خریدار کو5کروڑ روپے تک ذرائع آمدن کی ایمنسٹی کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ ٹاسک فورس کے کچھ ارکان نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ مراعاتی پیکیج کے نتیجے میں سرمایہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں جمع ہو سکتا ہے اور قیاس آرائی پر مبنی سرگرمیوں کو ایک بار پھر ہوا مل سکتی ہے۔ معروف کاروباری شخصیات میں سے ایک عارف حبیب نے تجویز دی کہ پہلی بار گھر خریدنے والے سے 5 کروڑ روپے تک کی آمدنی کا ذریعہ نہ پوچھا جائے۔ تاہم چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکس ایمنسٹی دینے کے مترادف ہوگا جس کی آئی ایم ایف اجازت نہیں دیگا۔ عارف حبیب نے وضاحت کرتے ہوئے کہا غیر رسمی نقدی پر مبنی معیشت کے بڑے سائز کی وجہ سے کارپوریٹ سیکٹر اور بینک بڑے تعمیراتی منصوبے شروع کرنے سے گریزاں ہیں۔ ان کی تجویز ایمنسٹی کی تعریف میں بالکل نہیں آتی کیونکہ یہ صرف پہلی بار حقیقی خریداروں تک ہی محدود ہوگی۔ وزیراعظم نے سرکاری حکام کو عارف حبیب کے ساتھ مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنے کی ہدایت کی۔ ملاقات میں یہ بات سامنے آئی کہ بزنس کمیونٹی اگلے ماہ آئی ایم ایف حکام سے سے ملاقات کرے گی تاکہ 5 کروڑ روپے کی ایمنسٹی اسکیم کے ایجنڈے کو زیر بحث لایا جا سکے۔ وزیراعظم نے ہاؤسنگ سیکٹر کی ٹاسک فورس بھاری ٹیکسوں اور مجموعی طور پر سست معاشی ترقی کی وجہ سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی سرگرمیاں سست ہونے کے بعد تشکیل دی تھی۔ رئیل اسٹیٹ سیکٹر مراعاتی پیکیج کا مقصد ملک میں تعمیراتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ ملاقات میں کم اور درمیانی آمدنی والے طبقے کو گھر کی تعمیر کے لیے بینک قرض لینے کے قابل بنانے کے لیے شرح سود پر سبسڈی دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اقتصادی امور سے کہا گیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے تک سفارشات لے کر آئیں۔ مرکزی بینک نے پالیسی ریٹ 12 فیصد مقرر کیا ہے لیکن ہوم لون اب بھی 17 فیصد سے زیادہ مہنگے ہیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے اس ہفتے ایک ترمیمی بل کی منظوری مؤخر کردی تھی جس میں آمدنی کے ذرائع واضح کیے بغیر جائیداد کی خریداری پر پابندی کی تجویز دی گئی تھی۔ سرکاری حکام کے مطابق رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے کسی ریلیف پیکیج کو ابھی تک حتمی شکل نہیں دی گئی، صوبوں اور آئی ایم ایف سے مشاورت بھی ابھی شروع نہیں ہوئی۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: رئیل اسٹیٹ سیکٹر ا ئی ایم ایف جائیداد کی کی تجویز سیکٹر کی کے لیے
پڑھیں:
وفاق کا کینالز منصوبے پر پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلیے مذاکراتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ
کراچی:وفاقی حکومت نے دریائے سندھ پر چھ کینالز کی تعمیر کے منصوبے پر پیپلز پارٹی اور دیگر کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے ایک اعلی سطح کی مذاکراتی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے دریائے سندھ سے چھ کینالز نکالنے پر پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلیے اسحاق ڈار کی سربراہی میں مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کمیٹٰ میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل و توانائی احسن اقبال اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ سمیت دیگر شامل ہوں گے۔
کمیٹی میں آبی و زرعی ماہرین کو شامل کیا جانے کا امکان بھی ہے۔ وفاقی حکومت کی یہ کمیٹی پیپلز پارٹی کی قیادت اور دیگر سے رابطہ کرکے مذاکرات کے ذریعہ مسئلہ کا حل نکالنے کی کوشش کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے مذاکراتی کمیٹی کو حتمی شکل دی جائے گی اور شہباز شریف اس معاملے پر جلد صدر مملکت آصف علی زرداری اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی شیڈول طے ہوتے ہی ملاقات بھی کریں گے جس میں پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے سیاسی راستہ نکالنے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
حکومتی کمیٹی اس معاملے پر دیگر جماعتوں سے بھی مذاکرات کرے گی اور دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان بیٹھکیں کراچی اور اسلام آباد میں ہوں گی۔
مسلم لیگ ن کے اہم رہنما نے ایکسپریس کو بتایا کہ دریائے سندھ پر چھ کینالز منصوبے کی تعمیر پر پیپلز پارٹی و دیگر جماعتوں کے تحفظات اور صوبے میں احتجاج کے معاملے پر مسلم لیگ ن کی قیادت میں گزشتہ دنوں تفصیلی مشاورت ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مشاورت میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف میں طے ہواتھا کہ اس معاملے کومذاکرات سے حل کیا جائے گا۔ جس کی رشنی میں مسلم ن کی وفاقی حکومت نے پیپلز پارٹی اور دیگر سے رابطوں کے لیے ایک بااختیار مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
لیگی رہنما کے مطابق کمیٹی میں ارکان کو شامل کرنے کی منظوری وزیراعظم دیں گے۔ وفاقی حکومت کی کمیٹی مذاکرات کے لیے پیپلز پارٹی کی قیادت سے رابطے کرکے ملاقات کا وقت طے کرے گی۔
مذاکرات میں کینالز منصوبے کی افادیت سے آگاہ کیا جائے گا اور پیپلز پارٹی کے تحفظات معلوم کیے جائیں گے جبکہ اس منصوبے کی تمام پہلوؤں سے فنی جانچ بھی کی جائے گی اور معاملے کے حل کیلیے مشترکہ لائحہ عمل دے کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن اس منصوبے کی پر پارلیمان کو بھی اعتماد میں لے گی۔ وزیراعظم ضرورت پڑنے پر اس منصوبے پر مشترکہ مفادات کی کونسل کا اجلاس بھی بلائیں گے۔
مسلم لیگ ن نے اس منصوبے کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بھی طلب کرنے پر غور کررہی ہے۔ اس منصوبے پر تحفظات کو دور کرنے کے لیے مذاکرات جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔
مسلم لیگ ن اس منصوبے پر اپنی حکمت عملی میں تبدیلی اور مذید لائحہ عمل حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے طے کرے گی۔