کراچی پولیس مصطفیٰ کی موت کا سبب نہ جان سکی، مقتول کی گھر سے آخری بار نکلنے کی ویڈیو سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
کراچی کے مغوی نوجوان مصطفیٰ کو کیسے قتل کیا گیا، تاحال حتمی تعین نہ ہوسکا۔ حتمی وجہ موت جاننے کے لیے پولیس نے مصطفیٰ کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ جبکہ لاش کی تصدیق کے لئے ڈی این اے بھی کروایا جائے گا۔ واقعے میں مبینہ طور پر ملوث لڑکی کی تلاش بھی جاری ہے۔ مقتول کے آخری بار گھر سے نکلنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
رپورٹ کے مطابق شہرِ قائد میں دوستوں کے ہاتھوں دوست کے سفاکانہ قتل کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس حکام کے مطابق 23 سالہ مصطفیٰ کو اس کے دوست ارمغان نے شیراز کے ساتھ ملکر قتل کیا۔ قتل کیسے کیا گیا اس حوالے سے پوسٹ مارٹم سے مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کیوں کہ ملزمان نے پہلے آہنی راڈ ماری اور بعد میں فائرنگ کی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا، گرفتار مرکزی ملزم ارمغان کے بنگلے سے پولیس نے گاڑیاں، جدید اسلحہ، 64 لیپ ٹاپس اور دیگر اشیاءقبضے میں لیں۔ برآمد اسلحے میں آلہ قتل کونسا تھا یہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے معلوم ہوسکے گا۔
رپورٹ کے مطابق حب کے علاقے سے جلی ہوئی گاڑی کی ڈگی سے ملنے والی لاش کا ڈی این اے کروایا جائے گا، ڈی این اے سے تصدیق ہوسکے گی کہ لاش مصطفیٰ ہی کی ہے۔ ڈی این اے اور پوسٹ مارٹم کے لئے قبر کشائی کی جائے گی۔ جس کے لئے جوڈیشل مجسٹریٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ لاش ملنے کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کردی گئی ہیں۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ارمغان اور شیراز کن راستوں سے ہوکر حب پہنچے روٹ میپ بھی تیار کرلیا گیا، گرفتار شریک ملزم شیراز کے بیان کے مطابق مصطفیٰ کو جھگڑے کے بعد قتل کیا گیا۔ وجہ تنازع کیا تھا؟ ارمغان سے تفتیش کے بعد ہی معلوم ہوگا۔
تفتیش کاروں کو واقعے میں مبینہ طور پر ملوث لڑکی کی تلاش ہے۔ تفتیشی حکام کیس میں لڑکی کے بیان کو انتہائی ضروری قرار دے رہے ہیں۔ انٹرپول کے ذریعے لڑکی سے رابطہ کیا جارہا ہے۔ پولیس پیر کو عدالت سے ارمغان کے ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔ مرکزی ملزم ارمغان سے تفتیش کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔
اُدھر مقتول مصطفی کے آخری بار گھر سے نکلنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔ جس میں مصطفیٰ کو کالی گاڑی میں گلی سے گزرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ مصطفیٰ 6 جنوری کو شام 6بجکر30 منٹ پر گھر سے نکلا تھا۔ مقتول کی والدہ کے مطابق گھر سے جانے کے ایک گھنٹے بعد ہی مصطفی کی نیٹ ڈیوائس بند ہوگئی تھی۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پوسٹ مارٹم ڈی این اے کے مطابق جائے گا گھر سے کے بعد قتل کی
پڑھیں:
کراچی: تیز رفتار آئل ٹینکر موٹر سائیکل سوار کو روند دیا
کورنگی صنعتی ایریا گودام چورنگی کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر کے ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ابتدائی طور پر ٹینکر میں آتشزدگی کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پہنچی اور فائر برگیڈ کو بھی طلب کیا گیا جس پر فائر برگیڈ کی ایک گاڑی نے جائے وقوعہ پہنچ کر آگ پر قابو پایا جبکہ ٹینکر ڈرائیور نے پولیس کو جھوٹا بیان دیا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے۔تاہم، پولیس نے مزید تفتیش کی تو ٹینکر ڈرائیور نے اپنا بیان تبدیل کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق ٹینکر ڈرائیور نے بیان تبدیل کرتے ہوئے بتایا کہ ٹینکر سے موٹر سائیکل کو ٹکر لگی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص زخمی ہوا۔ جس کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگادی اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔
واقعے میں زخمی ہونے والے شہری 30 سالہ ریاض ولد بشیر کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کردیا جبکہ پولیس نے آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹینکر بھی تحویل میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق زخمی کا بیان قلمبند کرنے کے بعد قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔