بلوچستان میں کانکنوں کی حفاظت یقینی بنائینگے، کمانڈر ایف سی
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
دکی میں منعقدہ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ایف سی کمانڈر حنیف خٹک نے کہا کہ ایف سی اور دیگر سیکیورٹی ادارے بشمول ضلعی انتظامیہ علاقے میں امن و امان کی بحالی کیلئے بہترین سیکیورٹی پلان پر عمل کرچکے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ ایف سی 87 ونگ کے کمانڈر محمد حنیف خٹک کا کہنا ہے کہ دکی اور متعلقہ علاقوں میں کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی حفاظت کیلئے پلان پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملک دشمن عناصر کے خلاف کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان کے ضلع دکی میں ایف سی ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔ جرگے میں ایف سی 87 ونگ کے کمانڈ کرنل محمد حنیف خٹک، ڈپٹی کمشنر دکی کلیم اللہ کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر دکی عمران مندوخیل اور اسسٹنٹ کمشنر تھل چوٹیالئی علی اکبر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جرگے میں دیگر شرکاء میں ڈی ایس پی اکبر، قبائلی رہنماء سردار معصوم خان ترین، سردار اکبر خان ناصر، حاجی رشید خان ناصر اور محمد اسلم ترین سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔ جرگے میں کوئلے کے کاروبار کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔
کرنل محمد حنیف خٹک نے اس موقع پر کہا کہ ایف سی اور دیگر سیکیورٹی ادارے بشمول ضلعی انتظامیہ علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لئے بہترین سیکیورٹی پلان پر عمل کرچکے ہیں۔ کسی کو بھی علاقے کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کرنل حنیف خٹک نے کہا کہ پاک فوج، ایف سی، لیویز اور پولیس ملک و سماج دشمن عناصر کے خلاف کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ اس موقع پر جرگے میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام کوئلہ کان مالکان (ٹھیکدار) اپنے ہر کان پر ایک چوکیدار تعینات کریں گے، جو اسلحہ استعمال کرنے کا مجاز ہوگا۔ علاوہ ازیں، ہر ٹھیکدار اپنے کارکنوں کا ڈیٹا ڈپٹی کمشنر دکی کے دفتر میں جمع کرائے گا تاکہ تمام لیبر کا ڈیٹا ضلعی انتظامیہ کے پاس موجود ہو۔ اس جرگے کے ذریعے علاقے میں امن اور سیکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں، تاکہ مقامی معیشت اور امن کا تحفظ کیا جا سکے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
سرکلر روڈ مارکیٹس بورڈ کے وفد کی کمشنر لاہور سے ملاقات، لہر منصوبے پر تحفظات کا اظہار
لاہور( کامرس رپورٹر) سرکلر روڈ مارکیٹس بورڈ کے وفد کی سہیل لاشاری سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس ، امجد چوہدری صدر لاہور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری ، چیئر مین خواجہ عمران سرکلر روڈ مارکیٹس بورڈ ،صدر عادل منیر سرکلر روڈ مارکیٹس بورڈ اور سینئر نائب صدر خواجہ عدنان، نائب صدر شہزاد رفیق اور جنرل سیکرٹری بورڈ شہزاد خان کے ہمراہ کمشنر آفس لاہور میں کمشنر لاہور زاہد بن مقصود،ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا،اے سی سٹی رائو بابر علی، سی او ایم سی ایل شاہد کاٹھیا اور ڈی جی وال سٹی کامران علی لاشاری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سرکلر روڈ مارکیٹس بورڈ کے صدر نے لہر منصوبے پر تاجروں کے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ حکومتی منصوبے کو تاجروں کی مرضی کے بغیر نافذ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ کمشنر لاہور اور ڈی جی وال سٹی نے یقین دہانی کرائی کہ اس ملاقات کے بعد، سرکلر روڈ مارکیٹس بورڈ کے کمیٹی اراکین کی رضا مندی کے بغیر کوئی بھی فیصلہ نہیں لیا جائے گا۔