لبنان، غزہ اور شام کے متاثرین کیلئے 24ویں امدادی کھیپ روانہ
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
این ڈی ایم اے کے مطابق اس امدادی کھیپ میں 60 ٹن سامان شامل ہے، جس میں ٹینٹ، ترپال اور گرم خیمے موجود ہیں تاکہ جنگ سے متاثرہ عوام کو شدید موسم میں مدد فراہم کی جا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیرِاعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے لبنان، غزہ اور شام کے جنگ زدہ عوام کیلئے امدادی سامان بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں 24ویں امدادی کھیپ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے روانہ کر دی گئی۔ این ڈی ایم اے کے مطابق اس امدادی کھیپ میں 60 ٹن سامان شامل ہے، جس میں ٹینٹ، ترپال اور گرم خیمے موجود ہیں تاکہ جنگ سے متاثرہ عوام کو شدید موسم میں مدد فراہم کی جا سکے۔ اب تک این ڈی ایم اے لبنان، غزہ اور شام کیلئے مجموعی طور پر 1,861 ٹن امدادی سامان روانہ کر چکا ہے، جس میں خوراک، طبی سامان، خیمے اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔ حکومتِ پاکستان ان ممالک کے جنگ زدہ عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلسل امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ڈی ایم اے امدادی کھیپ
پڑھیں:
اسرائیل کی جانب سے لبنان میں ایک گاڑی پر ڈرون حملہ
لبنان کی حکومت نے متعدد بار ان حملوں کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تل ابیب کے خلاف شکایت درج کرائی ہے اور اسرائیلی حملوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ آج (اتوار) کو اسرائیلی قابض افواج نے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، جنوبی لبنان میں ایک عام شہری کی گاڑی کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔ فارس نیز کے مطابق، لبنانی مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ یہ گاڑی جنوبی لبنان کے علاقے کوثریہ میں نشانہ بنی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، اس حملے میں کم از کم دو افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ بعض لبنانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کم از کم ایک شخص شہید ہو گیا ہے۔ قابض اسرائیلی فوج نے گزشتہ چند مہینوں کے دوران بھی جنگ بندی معاہدے کی بارہا خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی لبنان میں کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو نشانہ بنایا ہے۔ لبنان کی حکومت نے متعدد بار ان حملوں کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تل ابیب کے خلاف شکایت درج کرائی ہے اور اسرائیلی حملوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔