چین دوسرے ملکوں میں مداخلت نہیں کرتا، اسکی ترقی سے خوف زدہ نہیں ہونا چاہیے، صدر مملکت
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین نے تاریخ میں کبھی بھی قابض ملک کا کردار ادا نہیں کیا، چین دوسرے ملکوں میں مداخلت نہیں کرتا، چین کی ترقی سے خوف زدہ نہیں ہونا چاہیے۔
چین کے نشریاتی ادارے کے ساتھ انٹرویو میں اِظہار خیال انہوں نے کہا کہ پاک -چین دوستی صرف اچھے وقتوں کی نہیں بلکہ سدا بہار دوستی ہے، پاکستان اور چین قریبی ہمسائے ہیں، تمام حالات میں دوست رہیں گے،پاکستان چین کی ترقی اور اپنے جغرافیہ سے مکمل طور پر مستفید ہونے کا خواہاں ہے، چینی عوام سے محبت رکھتے ہیں، چین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ چینی صدر مضبوط اور مستقل مزاج ہیں، عالمی حالات کا ادراک رکھتے ہیں، پاک چین تعلقات تاریخی ہیں، نسلوں پر محیط ہیں، صدر شی جن پنگ کے سیاسی فلسفے اور طرز حکمرانی کا معترف ہوں، چین نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں ترقی کی کئی منازل طے کی ہیں، چین کی ترقی دنیا کیلئے خوش آئند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین نے تاریخ میں کبھی بھی قابض ملک کا کردار ادا نہیں کیا، چین دوسرے ملکوں میں مداخلت نہیں کرتا، چین کی ترقی سے خوف زدہ نہیں ہونا چاہیے، چین کے ساتھ لازوال دوستی پر یقین رکھتے ہیں، چین کے ساتھ روابط، سڑکیں اور مواصلات مزید بہتر اور پائیدار بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین زرعی شعبے میں پاکستان کی مدد کرسکتا ہے، پاکستان کے زرعی شعبے کی فی ایکڑ پیداواری صلاحیت چین کے مقابلے میں کم ہے، پاکستان میں چین کیلئے خصوصی انڈسٹریل پارکس پر كام کررہے ہیں، ماحولیات، آبپاشی سمیت مختلف شعبوں میں ملکی ترقی کیلئے چین کی ٹیکنالوجی سے مستفید ہونے کے خواہاں ہیں۔
صد مملکت نے کہا کہ چین کی ترقی خطے کے مفاد میں ہے، چین کی خلائی شعبے میں ترقی نئی نہیں، پاکستان چین کے ساتھ خلائی شعبے میں اپنی استعداد کار بڑھا رہا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم خطے کی ترقی میں کردار کرے گی، ہماری توجہ پاکستان کے استحکام پر مرکوز ہے، چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی اولین ترجیح ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: چین کی ترقی چین کے ساتھ نے کہا کہ
پڑھیں:
مسیحی برادری نے ہمیشہ ملکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا، صدر مملکت کا ایسٹر پر پیغام
اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مسیحی برادری نے ہمیشہ ملکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اس لیے ہم تعلیم، صحت، سماجی بہبود اور عوامی خدمت کے شعبوں میں مسیحی برادری کے تعاون کا دل کی گہرائیوں سے اعتراف کرتے ہیں۔
ایسٹر کے موقع پر اپنے پیغام مین صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسٹر کے پر مسرت موقع پر پاکستان میں مسیحی برادری کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ ایسٹر امید، تجدید اور زندگی کے جشن کا موقع ہے جبکہ ایسٹر ہمیں ہمدردی، قربانی اور درگزر کی اقدار کی یاد دلاتا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمارا آئین اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، ہم پاکستان میں تمام اقلیتوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ ہمیں اپنے معاشرے کی بہتری اور ترقی کے لیے مسیحی برادری کے عزم اور امن، ہم آہنگی اور بقائے باہمی کے اصولوں کے لیے ان کی لگن پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آیے ہم رواداری، باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور اپنے پیارے ملک کے امن اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کریں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا ک دعا ہے کہ یہ ایسٹر سب کے لیے امن، خوشیاں اور خوشحالی لائے۔ میں مسیحی برادری کیلئے مبارک، پرامن اور پرمسرت ایسٹر کا خواہش مند ہوں۔