کراچی میں ہونے والے حادثات کیلئے حکومت سمیت ہم سب قصور وار ہیں: شرجیل میمن
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والے حادثات کے لیے حکومت سمیت ہم سب قصور وار ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بائیکس پر ہیلمٹس کا استعمال نہیں کیا جا رہا ہے، جب حکومت موٹر سائیکل سواروں پر سختی کرتی ہے تو لوگ ہیلمٹ پہننا شروع کر دیتے ہیں،لوگ ٹریفک لائٹس کی پابندی نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ حادثات کے لیے کسی ایک فرد یا ادارے کو قصور وار ٹھہرانا صحیح نہیں ہے، جو لوگ غلط انداز میں گاڑیاں چلاتے ہیں، بے احتیاطی کرتے ہیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں ان کا بھی قصور ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کاموں میں حکومت کی جانب سے کوئی تاخیر نہیں ہوئی، گاڑیوں کی فٹنس سے متعلق احکامات نئے نہیں ہیں بلکہ پہلے سے موجود ہیں،
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ اگر کسی جگہ پر حکومت کی طرف سے تعمیراتی کام میں تاخیر ہے تو اس کی وجہ بتا سکتا ہوں، میں ذاتی طور پر گاڑیوں کی چارجڈ پارکنگ کے خلاف نہیں ہوں۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
رانا ثنا کا ایک بار پھر شرجیل میمن سے رابطہ، پانی کے مسئلے پر مشاورت آگے بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنااللہ نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ایک بار پھر ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور دونوں رہنماؤں نے پانی کے مسئلے پر مشاورت کے عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران نہروں کے مسئلہ کو حل کرنے کے حوالے سے معاملات کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں، واٹر ایکارڈ کے مطابق کسی صوبے کا پانی کسی دوسرے صوبے کو منتقل نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی کی تقسیم انتظامی اور تکنیکی مسئلہ ہے جس کا حل بھی انتظامی اور تکنیکی بنیادوں پر کیا جائے گا، کسی صوبے کی حق تلفی ممکن نہیں، صوبوں کے تحفظات دور کئے جائیں گے اور مشاورت کے عمل کو مزید وسعت دی جائے گی۔