پاکستان کی 22ویں ایشین جونیئر ٹیم اسکوائس چیمپیئن شپ میں بڑی کامیابی
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT
کراچی:
پاکستان نے مکاؤ کو 0-3 سے شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی کے ساتھ 22ویں ایشین جونیئر ٹیم اسکوائس چیمپیئن شپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
موصول اطلاعات کے مطابق ہانگ کانگ میں جاری چیمپیئن شپ کے پول ڈی میں پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں مکاؤ کو کسی مزاحمت کے بغیر بآسانی 0-3 سے قابو پا کر ناقابل شکست رہتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی پائی۔
قبل ازیں، پاکستان نے اپنے پہلے پول میچ میں چین اور دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کو شکست سے ہمکنار کیا تھا۔
کوارٹر فائنل میں سیڈ 6 پاکستان کا سیڈ 5 جاپان سے مقابلہ ہوگا، دیگر کوارٹر فائنلز میں ٹاپ سیڈ کوریا کا سیڈ 9 سنگاپور، سیڈ 2 ملائیشیا کا سیڈ 7 کویت اور میزبان سیڈ 3 ہانگ کانگ کا سیڈ 4 بھارت سے ٹکراؤ ہوگا۔
چیمپیئن شپ میں پاکستان جونیئر ٹیم انس علی شاہ، عبداللہ نواز، نعمان خان اور سخی اللہ ترین پر مشتمل ہے، سابق عالمی کھلاڑی فہیم گل ٹیم کے کوچ ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دے دی
کراچی:پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 17 گیندوں پہلے 6 وکٹوں سے شکست دے دی، کراچی کنگز نے جیت کیلیے 129 رنز کا ہدف دیا تھا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں مد مقابل تھیں جس میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کے ٹم سیفرٹ 30 جبکہ عباس آفریدی 24 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے جبکہ کنگز کے پانچ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔
اسلام آباد کے بولر نسیم شاہ، جیسن ہولڈر اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ عماد وسیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور اعظم خان نے اوپننگ کی اور 34 کے مجموعی اسکور پر صاحبزادہ فرحان 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پھر 38 کے مجموعی اسکور پر کولن منرو صرف چار رنز بناکر حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، اس کے بعد اعظم خان اور کپتان شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 103 تک پہنچایا تو وکٹ کیپر اعظم خان محمد نبی کی گیند پر 31 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
کپتان شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 47 رنز کی اننگز کھیلی اور نمایاں بلے باز رہے، انہوں نے 40 گیندوں پر 2 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔
کراچی کنگز کے حسن علی نے دو، عباس آفریدی اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ لی۔