WE News:
2025-04-22@05:59:28 GMT

ریڈیو چھوٹی سی دنیا، کبھی گھر بھر کا لاڈلہ ہوتا تھا

اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT

ریڈیو چھوٹی سی دنیا، کبھی گھر بھر کا لاڈلہ ہوتا تھا

ریڈیو کی قدر و منزلت کوئی اُن سے پوچھے جن کے لیے کسی زمانے میں یہ ’کُل کائنات‘ رہی ہے۔ دورِحاضر میں تو گاڑیوں میں لگے ایف ایم کو سرفنگ کرتے ہوئے نوجوان نسل یہ جان نہیں پائے گی کہ کسی دور میں یہ ریڈیو گھر بھر کا ’لاڈلہ‘ ہوتا تھا۔ جس کے ناز نخرے اٹھانے کے لیے ہر کوئی تیار رہتا۔ مہمان خانے میں انتہائی احترام کے ساتھ ریڈیو کی آرام گاہ ہوتی۔

سلیقہ مند خواتین ریڈیو کے لیے خصوصی طور پر خوبصورت اور حسین کپڑے کا کور تیار کرتیں جس پر کشیدہ کاری بھی ایسی ہوتی جو ریڈیوکی ظاہری شکل وصورت کو اور متاثر کن بناتی۔ اگر ریڈیو سننا مقصود نہ ہوتا تو وہ چلمن میں چھپا ہی رہتا۔ ہم جیسوں کے لیے ایک وقت تک ریڈیو کے صرف 2 ہی میڈیم شارٹ ویو اور میڈیم ویو ہوتے لیکن پھر ریڈیو کے خاندانی رکن ایف ایم سے بھی نشریات شروع ہوئیں۔

ریڈیو باکس کے 2بڑے سے لٹو نما پلگ ہوتے جن میں سے ایک سے آواز تیز ہوتی تو دوسرے سے چینل کا انتخاب، اب ان لٹوؤں کو گھمانے کا بھی اپنا ہی الگ مزہ اور لطف تھا۔ نشریات واضح نہ ہوتی تو انٹینا کی لمبائی میں کمی بیشی کی جاتی رہی  یا پھر سوئی کو لٹو سے آگے پیچھے زحمت دی جاتی۔

اب پاکستان ہو یا بھارت اسی ریڈیو کے سامنے ہیرو یا ہیرؤئن لہک لہک کر گنگنانے کا بھی کام بھی انجام دینے میں کوئی شرمندگی محسوس نہیں کرتے بلکہ کئی فلموں میں اسی ریڈیو سے ہیرؤئن کا محبوب براہ راست ان کے دل کے آنگن میں اپنی محبت کے پھول کھلا رہا ہوتا۔

ایک زمانہ  وہ بھی تھا جب ریڈیو ٹی وی سیٹ کے برابر ہوتے پھر ان کے سائز میں تبدیلی آتی رہی۔ ٹیپ ریکارڈرکے بھی ہم سفر بنے، اور ایسا بھی ہوا کہ دیکھتے ہی دیکھتے چھوٹے بڑے سائز کے ریڈیوعام ہونے لگے۔ بالخصوص ٹرانسیٹر کے سائز کی کوئی حد نہ ہوتی۔ تصور کریں کہ کیسا خوش کن اور حسین لمحہ ہوتا جب ریڈیو کو آن کیا جاتا تو سماعت پر یہ دلکش آواز ٹکراتی ’یہ ریڈیو پاکستان ہے‘۔

اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ پاکستان میں ٹی وی نشریات کے آغاز سے پہلے یہ ریڈیو ہی تھا جو تفریح طبع کا کام سرانجام دے رہا تھا۔ ذرائع ابلاغ محدود ہونے اور پی ٹی وی پر سرکاری اثرو رسوخ کے باعث جب خبر کی تلاش ہوتی تو بیشتر سامعین کا مستند اور قابل اعتماد ذرائع بی بی سی اردو کی نشریات ہوتی جس کے پروگرام ’سیربین‘ کے ذریعے ملکی حالات کے بارے میں علم ہوتا ورنہ پی ٹی وی تو گوشت کے  ناغے والے دن  کی فوٹیج چلا کر یہی دعویٰ کرتا کہ  کاروبار کھلے رہے اور اپوزیشن کی ہڑتال ناکام ہوگئی۔

بی بی سی کے  شفیع نقی جامعی اور علی رضا عابدی ’ہاؤس ہولڈ نیم‘ رہے ہیں۔ اب ایسا بھی نہیں کہ ریڈیو پاکستان نے اس عرصے میں اپنا مقام نہ بنایا ہو اس کے مختلف اور متنوع پروگرام ہر ایک کے پسندیدہ ہوتے۔ ان میں بزم طلبہ ہو، یا پھر حامد میاں کے ہاں یا پھر منی باجی یہ بالکل ایسے ہی مشہور تھے جیسے آج کل مختلف ٹی وی چینلز کے ڈرامے یا پروگرام۔

ریڈیو کی افادیت ان دنوں اور زیادہ بڑھ جاتی جب کوئی کرکٹ یا ہاکی کا مقابلہ ہوتا۔ جو ٹی وی پر میچ نہیں دیکھ پاتے یا پھر ٹی وی کی جن ممالک میں نشریات دکھانے کی پہنچ نہ ہوتی تو ایسے میں اکلوتا سہارہ ریڈیو ہی ہوتا۔ منیر حسین، حسن جلیل، عمر قریشی، افتخار احمد یا چشتی مجاہد یا محمد ادریس  کرکٹ کی صورتحال پر ایسی منظر کشی کرتے کہ ایسا محسوس ہوتا جیسے یہ سب کچھ ہماری آنکھوں کےسامنے ہورہا ہے۔

ان کمنٹیٹرز کی انگلش اور اردو میں کمنٹری ایسی شاندار ہوتی کہ دل چاہتا کہ بس یہ لوگ خاموش نہ ہوں، خیر آج کل تو ٹی وی پر اردو کی کمنٹری سن کر سر پیٹنےکو دل چاہتا ہے کہ شور شرابا زیادہ اور کچھ نہیں۔ دلچسپ صورتحال اس وقت ہوتی جب راہ چلتے کوئی بھی رک کر یہ ضرور پوچھتا کہ اسکور کیا ہوا ہے؟ اور یہ سوال تواتر کے ساتھ دریافت کیا جاتا رہتا لیکن آفرین ہے کمنٹری سننے والے پر جوکسی کے سوال پر ناک بھنویں نہ چڑھاتا بلکہ خندہ پیشانی کے ساتھ  ہر ایک کے لیے اُس وقت ’کرک انفو‘ کی خدمات انجام دیتا۔

جس کے بعد اسکور پوچھنے والا اپنا ماہرانہ تبصرہ کرتے ہوئے آگے بڑھ جاتا۔ کرکٹ کی طرح ہاکی کے کمنٹیٹرز بھی اپنی خوبصورت اور شائستہ  کمنٹری کی وجہ سے منفرد اور اچھوتی پہچان رکھتے۔ چاہے وہ ایس ایم نقی ہوں یا پھرذاکر حسین سید، اقبال ہاشمی، مظاہر باری یا پھر فاروق مظہر۔

کھیلوں میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے روز رات 10بجے کے قریب نشر ہونے والے ’عالمی اسپورٹس راؤنڈ‘ میں خصوصی دلچسپی ہوتی۔ دنیا کے کسی بھی ملک میں کوئی بھی کھیل ہو اس شو کے ذریعے بھرپور معلومات مل جاتی۔ اس شو کبھی عظیم سرور تو کبھی سید محمد نقی پیش کرتے۔ درحقیقت اسی شو میں مختلف رپورٹس پیش کرنے والی بیشتر شخصیات، دورحاضر کے کامیاب اسپورٹس رپورٹرز اور کچھ پروگرام اینکرز بھی بن چکے ہیں۔

پھر کیسے بھول سکتے ہیں آپ ریڈیو پروگرام کا  ’یہ بچہ کس کا‘؟ کو جس کے ذریعے والدین اور اپنوں سے بچھڑے بچوں کی معلومات اور پھر ان کی گفتگو نشر کی جاتی جس کا مقصد اس بچے کو اس کے گھر تک پہچانا ہوتا۔ اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کہ ٹی وی کے ابتدائی دنوں میں ریڈیو کے صداکاروں کو خاص اہمیت دی جاتی کیونکہ انہیں جہاں تلفظ کی آگہی ہوتی وہیں انہیں مکالمات کی ادائیگی کے لیے جذبات اور احساسات کے اظہار کا ہنر آتا۔

ہماری اردو کی ٹیچر تو بطور خاص یہ ہدایت دیتیں کہ تلفظ اور ادائیگی کو بہتر بنانا ہے تو ریڈیو ضرور سنا کریں۔ زمانہ  تو وہ بھی تھا جب پاکستان میں آل انڈیا ریڈیو کی نشریات ’کیچ‘ ہوتی اور دن کے 3اوقات میں فرمائشی گیت نشر ہوتے۔ ایک گانے کو سننے کے لیے پتا نہیں کہاں کہاں سے فرمائش آتی۔ لتا، آشا، کشور، رفیع یا پھر محمد عزیز کے گانے سنائے جاتے۔

کیونکہ ذرائع انتہائی محدود تھے تو پاکستانی پرستاروں کے لیے یہ گانے خاصی کشش رکھتے۔ بہرحال یہ بھی حقیقت ہے کہ اسی آل انڈیا ریڈیوسروس  سے پاکستان مخالف پروپیگنڈا بھی کیا جاتا جس کا بھرپور اور  منہ توڑ جواب ریڈیو پاکستان کمال خوبی سے دیتا۔

اور پھر ٹیکنالوجی نے کروٹ بدلی تو 90کی دہائی کے کچھ سال بعد پاکستان میں ایف ایم چینل کا آغاز ہوا۔ ریڈیو کے ان آر جےز کا ماڈرن اور بے تکلف انداز سننے والوں کے کانوں کو بھلا لگا۔ ایسے میں ان کی مدھر، مترنم اور دل کش آواز کو سن سن کر ہر سامع نے مختلف آر جے کا تصوراتی خاکہ بھی بنالیا۔

جب پاکستان کے پہلے ایف ایم چینل نے اپنا جریدہ نکال کراپنے آر جے کے انٹرویوز شائع کیے تو کئی سامعین نے ان میں سے کئی کو دیکھ کر اپنے تصوراتی خاکے پر مایوسی ظاہر کی۔ اس وقت درجنوں ایف ایم چینلز ہیں ہر زبان اور ہر انداز کے، جنہیں پسند کرنے والوں کا الگ الگ اپنا حلقہ ہے۔ کہاں کسی زمانے میں جب ریڈیو سے مخصوص اوقات میں نشریات آتی تھی اب 24 گھنٹے ایف ایم ریڈیو کام کررہے ہیں۔

ہمیں تو یاد نہیں کہ ہم نے کب شارٹ ویو یا میڈیم ویو پر کچھ سناہو۔ خیر اب گاؤں دیہات میں کوئی چارپائیاں ڈال کر ریڈیو تو نہیں سن رہا ہوتا کیونکہ اسمارٹ فون کے ذریعے تو اب بصری سہولت جو مل رہی ہے۔ بہرحال آنکھیں اور  کان بس ترس ہی گئے ہیں یہ منظر دیکھنے اور سننے کو جب کوئی کانوں پر چھوٹا سا ٹرانسیٹر لگا کر جارہا ہو اور راہ گیر روک کر پوچھے ’ہاں بھئی اسکور کیا ہوا ہے؟‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

سفیان خان

سفیان خان کئی اخبارات اور ٹی وی چینلز سے وابستہ رہے ہیں۔ کئی برسوں سے مختلف پلیٹ فارمز پر باقاعدگی سے بلاگز بھی لکھتے ہیں۔

.

ذریعہ: WE News

کلیدی لفظ: ریڈیو کے ریڈیو کی کے ذریعے ایف ایم ہوتی تو نہیں کہ کے لیے

پڑھیں:

نکیال آزاد کشمیر۔۔۔ بچیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں

اسلام ٹائمز: شاہ نواز علی شیر ایڈووکیٹ صاحب! ہم سمجھیں یا نہ سمجھیں، یہ بچی ہمیں یہ سمجھا گئی ہے کہ فرقہ پرست مُلاّں یہ شعور نہیں رکھتے کہ بچیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔ ​​​​​​​بچیوں کے جنازوں پر فرقوں کی سیاست نہیں کی جاتی۔ بچیاں، محبت کا وہ معصوم روپ ہوتی ہیں، جو کسی ایک مسلک، قبیلے یا قوم کی ملکیت نہیں ہوتیں بلکہ وہ کائنات کے حُسن کی روشن تجلی ہیں۔ انکے قہقہے، انکی شرارتیں، انکے ننھے ہاتھوں کی معصوم دعائیں۔۔۔ بیٹیاں خدا کیجانب سے انسانوں کو دی گئی وہ رحمتیں ہیں، جنہیں کوئی دیوار، کوئی فرقہ، کوئی جغرافیہ محدود نہیں کرسکتا۔ جب ایک بچی فوت ہو جاتی ہے، تو گویا بہاروں کا رنگ پھیکا پڑ جاتا ہے اور جب ایک معصوم بچی کے جنازے پر کوئی مولوی فساد کھڑا کرے تو یہ صرف ایک بدنصیب خاندان کا سانحہ نہیں ہوتا بلکہ ایسا فساد پورے معاشرے کے ماتھے پر شرمندگی کی ایک نمایاں انمٹ سلوٹ بن جاتا ہے۔ تحریر: ڈاکٹر نذر حافی

دریڑی پلانی، نکیال گاؤں میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ سوشل میڈیا کے مطابق ایک حادثے یا ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے مولانا چوہدری ساجد رحمانی کا کہنا ہے کہ پہلی ٹکر میں ہم لوگ معمولی زخمی ہوئے، لیکن ڈرائیور نے دوبارہ گاڑی ریورس کرکے مجھے، میری بیوی اور بچی پر گاڑی چڑھا دی، جس سے ہم شدید زخمی ہوگئے۔ اس واقعے کے حوالے سے شیعہ علماء کونسل آزاد کشمیر کے وفد نے ڈپٹی کمشنر کوٹلی، میجر (ر) ناصر رفیق اور ایس ایس پی کوٹلی، عدیل لنگڑالوی سے اہم ملاقات کی ہے۔ شنید ہے کہ جس گاڑی نے موٹر سائیکل پر سوار مولانا کو ٹکر ماری، وہ نکیال کے ہی کسی شخص کی ملکیت ہے۔ دمِ تحریر مولانا چوہدری ساجد رحمانی کی بیوی اور بچی اس دارِ فانی سے کوچ کرچکی ہیں۔

یہ واقعہ فرقہ وارانہ منصوبہ بندی کا شاخسانہ ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ ریاستی اداروں کو کرنا چاہیئے۔ تاہم یہ ایک حقیقت ہے کہ آزاد کشمیر میں مقامی سطح پر نہ فرقہ واریت کے نیٹ ورکس موجود ہیں اور نہ ہی مذہبی ٹارگٹ کلنگ کے۔ جب بھی ایسا کوئی واقعہ رونماء ہوتا ہے تو اُس کے تانے بانے آزاد کشمیر سے باہر کے دینی مدارس یا عسکری تنظیموں سے جا ملتے ہیں۔ اس سے قبل عباس پور اور مظفرآباد میں بھی ایسا بہت کچھ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہاں پر یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا مشترکہ اور ازلی دشمن ہندوستان ہے۔ ماضی میں انڈین ایجنسی را کی گود میں بیٹھنے والے ہمارے نام نہاد مجاہد بھائیوں نے جس بے دردی سے  مساجد، امام بارگاہوں، اولیائے کرام کے مزارات، پبلک مقامات، صحافیوں، شاعروں، ڈاکٹروں اور پولیس و فوج کے اہلکاروں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا ہے، اُسے کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اس بربریت کا براہِ راست فائدہ ہندوستان کو پہنچا اور  بارڈر کے دونوں طرف کے کشمیری یہ نعرہ لگانا ہی بھول گئے کہ "کشمیر بنے گا پاکستان۔"

لوگوں کو یہ خوف لاحق ہوگیا کہ یہ نام نہاد "مجاہدین" اپنے جرگے بٹھا کر اور خود ساختہ عدالتیں لگا کر ہمیں درختوں سے لٹکا کر گولیاں ماریں گے اور ہماری خواتین و بیٹیوں کو کنیز بنا لیں گے۔ سانحہ اے پی ایس، سانحہ کوہستان، سانحہ بابوسر۔۔۔ یہ سب سانحات گواہ ہیں کہ ایسے عناصر انسانیت سے عاری ہوتے ہیں اور ان کے لیے نہ کوئی فرقہ اہم ہوتا ہے، نہ قوم، نہ عمر، نہ جنس، نہ بچہ اور نہ بچی۔۔۔۔ آزاد کشمیر جو اولیائے کرام کی سرزمین ہے، وہاں مولانا چوہدری ساجد رحمانی کی معصوم بچی کے جنازے کے موقع پر دھنگا فساد کرانے کی کوشش کوئی معمولی بات نہیں۔ نکیال سے تعلق رکھنے والے ایڈووکیٹ شاہ نواز علی شیر، جو کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نکیال کے ممبر اور بار ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری جنرل بھی ہیں، انہوں نے اپنے کالم میں بالکل درست کہا ہے کہ  "حکامِ بالا! اگر آج آپ خاموش رہے، تو کل یہ آگ کسی تھانے، مدرسے، مسجد، اسکول یا بازار تک پہنچ جائے گی۔ یہ محض ایک جنازے پر جھگڑا نہیں تھا؛ یہ معاشرے کے ضمیر کی موت، قانون کی بے بسی اور انسانیت کے چہرے پر ایک سیاہ داغ تھا۔

محترم کالم نگار کے مطابق، مولانا چوہدری ساجد رحمانی کا مسلک شیعہ ہے۔ موقع پر موجود ویڈیوز اور عینی شاہدین کے مطابق، اہلِ تشیع نے ہمیشہ کی طرح واضح کیا کہ جنازے دو ہی ہوں گے؛ ایک اہلِ سنت کے مطابق اور دوسرا اہلِ تشیع کے مطابق۔ اس وضاحت کے باوجود ایک مولوی صاحب نے اہلِ سنت کے عمومی اخلاق کے برعکس، یہ اعلان کیا کہ "نہیں، جنازہ تو صرف ایک ہی ہوگا اور وہ بھی صرف اہلِ سنت طریقے کے مطابق۔ ہم دوسرا جنازہ نہیں پڑھنے دیں گے۔" انسان کے اندر سب سے قیمتی چیز اس کا اخلاق ہے اور یہی اخلاق اس کی شناخت اور مقام کی گواہی دیتا ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ یہ رویہ اہلِ سنت کا اخلاق نہیں ہوسکتا، کیونکہ آزاد کشمیر میں اہلِ سنت کے اندر مدبر، تعلیم یافتہ اور روشن فکر شخصیات کی کمی نہیں۔ 

اس موقع پر بچی کے ورثاء نے کہا کہ اگر ایک ہی جنازہ ہونا ہے، تو پھر ہمیں اپنا شیعہ جنازہ پڑھانے دیں اور اہلِ سنت حضرات ہماری چوتھی رکعت کے اختتام پر اپنی نماز مکمل کرلیں۔ اس پر وہی مولوی صاحب چِلانے لگے کہ صرف اہلِ سنت کی چار تکبیریں "اصلی" ہیں، اس لیے صرف وہی جنازہ پڑھائیں گے۔ ہم اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے، لیکن اتنا ضرور کہیں گے کہ یہ اخلاق اہلِ سنت کا نہیں۔ لہٰذا اس مولوی صاحب کے بارے میں تحقیق ہونی چاہیئے کہ کہیں وہ اس حسّاس سرحدی علاقے میں بھارتی انٹیلیجنس "را" کے لیے تو کام نہیں کر رہے؟ ان دنوں بلوچستان اور افغان بارڈر سمیت پورے پاکستان میں را کی سرگرمیوں اور ایجنٹوں کی موجودگی میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ ایسے میں نکیال جیسے حساس سرحدی علاقے میں ایسی حرکت کسی دشمن ملک کے ایجنڈے کا حصہ بھی ہوسکتی ہے۔

بہرحال عوامِ علاقہ کو یہ بات سمجھنی چاہیئے کہ جب ہم انسانی احترام اور حب ُّ الوطنی کو فراموش کر دیتے ہیں، تو پھر ہم جنگ انسانیت اور اپنے ہی وطن کے خلاف لڑ رہے ہوتے ہیں، نہ کہ کسی مذہب یا فرقے کے خلاف۔ نکیال کے ایڈوکیٹ نے بجا طور پر مطالبہ کیا ہے کہ فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر کے خلاف فوری، غیرجانبدار اور مؤثر قانونی کارروائی کی جائے۔ جنازوں اور لاشوں کی بے حرمتی کو سختی سے روکا جائے۔ تحصیل و ضلع کی سطح پر بین المسالک ہم آہنگی کے لیے نمائندہ کمیٹی تشکیل دی جائے۔ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے SOPs مرتب کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء کو تحصیل و ضلعی سطح پر جمع کرکے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے، جس میں واضح کیا جائے کہ معصوموں کے جنازے، دعائیں اور تدفین کسی مسلک سے بالاتر ہیں۔

شاہ نواز علی شیر کا یہ جملہ ہر باشعور انسان کے دل کو چھو لیتا ہے کہ ہمیں اپنے بچوں کے لیے ایک ایسا ماحول چھوڑنا ہے، جہاں جنازے رشتوں کو توڑیں نہیں، جوڑیں۔ جہاں مذہب دلوں کو نرم کرے، سخت نہ کرے۔ جہاں تکبیر کی تعداد نہیں، دعا کی تاثیر دیکھی جائے۔ وہ اپنے سماج سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہم سب کو یہ یاد دلانا ہوگا کہ اسلام اخلاص کا نام ہے، نمازِ جنازہ ایصالِ ثواب اور دعا کا عمل ہے، نہ کہ فرقوں کی برتری کا میدان۔ شاہ نواز علی شیر ایڈووکیٹ کے اس جملے کے بعد میرے لکھنے کو کچھ نہیں بچتا کہ ان فتنہ گروں کے بیچ وہ معصوم بچی صرف ایک کفن چاہتی تھی، ایک دعا اور ایک پُرامن رخصتی۔ شاہ نواز علی شیر ایڈووکیٹ صاحب! ہم سمجھیں یا نہ سمجھیں، یہ بچی ہمیں یہ سمجھا گئی ہے کہ فرقہ پرست مُلاّں یہ شعور نہیں رکھتے کہ بچیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔

بچیوں کے جنازوں پر فرقوں کی سیاست نہیں کی جاتی۔ بچیاں، محبت کا وہ معصوم روپ ہوتی ہیں، جو کسی ایک مسلک، قبیلے یا قوم کی ملکیت نہیں ہوتیں بلکہ وہ کائنات کے حُسن کی روشن تجلی ہیں۔ ان کے قہقہے، ان کی شرارتیں، ان کے ننھے ہاتھوں کی معصوم دعائیں۔۔۔بیٹیاں خدا کی جانب سے انسانوں کو دی گئی وہ رحمتیں ہیں، جنہیں کوئی دیوار، کوئی فرقہ، کوئی جغرافیہ محدود نہیں کرسکتا۔ جب ایک بچی فوت ہو جاتی ہے، تو گویا بہاروں کا رنگ پھیکا پڑ جاتا ہے اور جب ایک معصوم بچی کے جنازے پر کوئی مولوی فساد کھڑا کرے تو یہ صرف ایک بدنصیب خاندان کا سانحہ نہیں ہوتا بلکہ ایسا فساد پورے معاشرے کے ماتھے پر شرمندگی کی ایک نمایاں انمٹ سلوٹ بن جاتا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • کبھی نہیں کہا میرے خلاف مہم کے پیچھے علیمہ خان ہیں، شیر افضل مروت
  • ’باپ تو سپر مین ہوتا ہے‘، بچے کو گرمی سے بچانے کے لیے باپ نے سیٹ پر ہاتھ رکھ لیے، ویڈیو وائرل
  •  قانون کی حکمرانی ہوتی تو ہمارے رہنما جیل میں نہ ہوتے :  عمرایوب
  • حادثہ ایک دم نہیں ہوتا
  • تبدیل ہوتی دنیا
  •  دو ریاستی حل ہم کبھی بھی اسرائیل کو قبول ہی نہیں کرتے، فخر عباس نقوی 
  • نکیال آزاد کشمیر۔۔۔ بچیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں
  • اور ماں چلی گئی
  • عمران خان سرخرو ہوں گے، کبھی ڈیل نہیں کریں گے: زرتاج گل
  • عمران خان سرخرو ہوں گے، وہ کبھی بھی ڈیل نہیں کریں گے: زرتاج گل