پیسے بچانے کیلیے خاتون روزانہ ہوائی جہاز پر دفتر آنے جانے لگی
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT
ملائیشیا میں ایک بھارتی نژاد خاتون، ریچل کور، نے اپنی منفرد روزمرہ کی مصروفیات سے دنیا کی توجہ حاصل کی ہے۔ وہ ایئرایشیا میں فنانس آپریشنز کی اسسٹنٹ مینیجر کے طور پر کام کرتی ہیں اور دو بچوں کی ماں ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ریچل روزانہ پینانگ سے کوالالمپور تک ہوائی سفر کرتی ہیں تاکہ اپنے پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی میں توازن برقرار رکھ سکیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریچل کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کی عمر 12 سال اور بیٹی کی عمر 11 سال ہے اور اس عمر میں بچوں کے لیے ماں کی موجودگی بہت اہم ہوتی ہے۔ 2024 سے قبل، وہ کوالالمپور میں دفتر کے قریب ایک گھر کرائے پر لے کر رہتی تھیں اور صرف ہفتے میں ایک بار پینانگ میں اپنے گھر آتی تھیں۔ تاہم اس سے انہیں اپنے بچوں کے ساتھ کم وقت گزارنے کا موقع ملتا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اب، ریچل صبح 4 بجے اٹھتی ہیں، 5 بجے گھر سے نکلتی ہیں اور 6:30 بجے کی پرواز سے کوالالمپور پہنچتی ہیں۔ دفتر میں کام مکمل کرنے کے بعد وہ رات 8 بجے تک واپس پینانگ پہنچ جاتی ہیں۔ ریچل کور پینانگ میں اپنے گھر سے سپانگ میں اپنے دفتر تک پہنچنے کے لیے تقریباً 400 کلومیٹر کا فضائی سفر کرتی ہیں۔
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس ہوائی سفر سے ان کے ماہانہ اخراجات میں بھی کمی آئی ہے۔ پہلے، وہ کرائے اور دیگر اخراجات پر ماہانہ کم از کم 474 ڈالر خرچ کرتی تھیں جبکہ اب ان کے سفری اخراجات کم ہو کر 316 ڈالر ہوگئے ہیں۔
ریچل کا کہنا ہے کہ ہوائی سفر کے دوران وہ موسیقی سنتی ہیں اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتی ہیں جو ان کے لیے ذہنی سکون کا باعث بنتا ہے۔ اگرچہ روزانہ صبح جلدی اٹھنا اور پھر تیار ہونا ایک مشقت والا کام ہے لیکن جب وہ رات کو اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارتی ہیں تو ساری تھکن دور ہو جاتی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پشاور، پولیس کا شادی کی تقریب میں چھاپہ، دولہا گرفتار، مقدمہ درج
پولیس کے مطابق شادی کی خوشی میں دولہا اپنے دوستوں کے ہمراہ ہوائی فائرنگ کر رہا تھا جس پر مقامی پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تقریب پر چھاپہ مارا اور دولہے کو گرفتار کر لیا۔ اسلام ٹائمز۔ پشاور پولیس نے چمکنی کے علاقے میں ایک شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ پر کارروائی کرتے ہوئے دولہے کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق شادی کی خوشی میں دولہا اپنے دوستوں کے ہمراہ ہوائی فائرنگ کر رہا تھا جس پر مقامی پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تقریب پر چھاپہ مارا اور دولہے کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ یہ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ اس عمل کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔
گرفتار ہونے والے دولہے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ سے اجتناب کریں۔