کراچی؛ گھات لگائے ملزمان نے نماز پڑھ کر جانے والے بزرگ شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, February 2025 GMT
کراچی:
سعید آباد میں گھات لگائے ملزمان نے مسجد سے نماز پڑھ کر جانے والے بزرگ شہری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی۔
سعید آباد تھانے کے ہیڈ محرر اے ایس آئی خان محمد نے بتایا کہ واقعہ سیکٹر 8 بی عائشہ مسجد کے قریب پیش آیا ہے جبکہ مقتول کی شناخت 65 سالہ اللہ دین کے نام سے کی گئی جو کہ عصر کی نماز ادا کرنے کے بعد تلاوت کر رہا تھا جس کے بعد وہ جیسے ہی مسجد سے باہر نکل کر جانے لگا گھات لگائے ملزمان نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
مقتول کو گردن پر ایک گولی لگی تھی جو کہ جان لیوا ثابت ہوئی جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول ملا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جبکہ مقتول کا آبائی تعلق کوئٹہ سے تھا اور کوئٹہ میں سردی کے باعث وقتی طور پر سعید آباد کے علاقے میں رہائش پذیر تھا۔
ہیڈمحرر کے مطابق مقتول کے بیٹے کوئٹہ میں ہی رہائش پذیر ہیں اور ان کا اپنا الیکٹرونکس کا کاروبار ہے تاہم پولیس نے مقتول کے بیٹوں سے رابطہ کیا ہے وہ والد کی لاش وصول کرنے کراچی آ رہے ہیں اور ان کے بیان پر صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔
پولیس جائے وقوعہ اور ملزمان کے فرار ہونے والے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کو تلاش کر رہی ہے تاکہ ان کی فوٹیجز سے ملزمان کی شناخت میں مدد مل سکے ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش سرد خانے میں رکھوا دی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
گلشن اقبال کراچی میں شہری کے ہاتھوں مبینہ ڈاکو کی ہلاکت، ویڈیو سامنے آگئی
کراچی:گشن اقبال کے علاقے 13 ڈی2 میں شہری کے ہاتھوں مبینہ ڈاکو کی ہلاکت کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج ایکسپریس نیوز کو موصول ہوگئی۔
فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سفید کار میں سوار شہری جیسے ہی گاڑی سے باہر نکلتا ہے تو اس ہی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مبینہ ڈاکو اس کے قریب آتے ہیں۔
شہری فوری طور پر گاڑی سے اسلحہ نکالتا ہے اور ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دیتا ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک مبینہ ڈاکو موقع پر ہی زمین پر گر جاتا ہے جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔
واقعے کے بعد شہری اپنی گاڑی اسٹارٹ کرتا ہے اور جائے وقوعہ سے روانہ ہو جاتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور فائرنگ کرنے والے شہری کی تلاش کی جا رہی ہے تاکہ مزید حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گلشن اقبال 13 ڈی2 میں ڈاکوؤں کو شہری سے لوٹ مار کی واردات کرنا مہنگی پڑ گئی تھی، شہری نے فائرنگ کر کے ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا جبکہ اس کے دیگر 2 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شہری کی فائرنگ سے ہلاک ڈاکو کی شناخت نبیل احمد کے نام سے ہوئی جو عادی جرائم پیشہ تھا اور اُس کا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے۔