دوحا : پاکستان ‘قطر دو طرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان قطر دو طرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور پیر کو دوحہ قطر میں ہوا۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کی جبکہ قطری وفد کی قیادت قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد المراخی نے کی۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جن میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے سیاسی، اقتصادی، قونصلر اور عوام سے عوام کے رابطے شامل ہیں۔ انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا اور تعاون اور مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات میں اضافے کی رفتار اور اعلی سطح کے دوروں اور تبادلوں کی رفتار کو تسلیم کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ پاکستان قطر دو طرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور اسلام آباد میں باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر ہوگا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
پاکستان اور روانڈا تعلقات میں پیشرفت؛ سرمایہ کاری سمیت دیگر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
اسلام آباد:پاکستان اور روانڈا کے تعلقات میں نئی پیش رفت کے تحت دونوں ملکوں کے مابین سرمایہ کاری سمیت دیگر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
روانڈا کے امورِ خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے وزیراولیور جین پیٹرک ندوہنگیرے آج وزارت خارجہ اسلام آباد پہنچے، جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں روانڈا کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ڈپلومیٹک ٹریننگ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں دیگر ایم او یوز پر دستخط کرنے کی بھی خواہش ظاہر کی۔
روانڈا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی کاروباری شخصیات روانڈا میں بزنس کریں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں اور ہم ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے دورے جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ روانڈاپاکستان کو سالانہ 26 ملین ڈالر کی برآمدات کرتا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کو اعلیٰ کوالٹی کی چائے بھی بھیجی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور روانڈا عالمی امن کے فروغ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے فوجی فراہم کرنے والے سرفہرست ممالک میں شامل ہیں۔
پریس کانفرنس میں روانڈا کے وزیر خارجہ نے کھیلوں کے حوالے سے کہا کہ دونوں ممالک میں کرکٹ کے شائقین موجود ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ہمیں کرکٹ میں مہارت سکھائے۔