آغا علی نے طلاق کے دو سال بعد دوسری شادی کا عندیہ دیدیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
لاہور(شوبز ڈیسک)مقبول اداکار آغا علی نے طلاق کے دو سال بعد دوسری شادی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کا لگتا ہے کہ ان کا زخم ابھی بہت گہرا ہے لیکن ایسا نہیں۔
آغا علی نے حال ہی میں ’ نیوز 365’ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ’کراچی‘ کے نام سے ایک ڈرامے کی کہانی لکھ رکھی ہے لیکن ابھی تک اس پر ڈراما یا فلم بنانے کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
انہوں نے اپنی گلوکاری پر بھی بات کی اور بتایا کہ فوری طور پر ان کا ایلبم ریلیز کرنے کا کوئی ارادہ نہیں جب کہ انہیں شروع سے ہی گلوکاری کا شوق تھا۔
خوبصورتی بڑھانے کے لیے حوالے سے میک اپ سرجریز کے سوال پر آغا علی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کبھی کوئی میک اپ پراسیجر نہیں کروایا۔
ان کے مطابق چوں کہ انہیں جلد کی بیماری ’چمبل‘ ہے، اس لیے انہیں ڈاکٹرز نے پہلے سے ہی میک اپ سرجریز کروانے سے روک رکھا ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض افراد نے انہیں ٹھوڑی کی سرجری کروانے کا مشورہ دیا تھا اور وہ اس حوالے سے ڈاکٹر کے پاس بھی گئے تھے لیکن انہوں نے سرجری نہیں کروائی۔
پروگرام کے دوران ایک خاتون مداح نے ان سے دوسری شادی سے متعلق سوال کیا، جس پر اداکار نے مبہم انداز میں دوسری شادی کا عندیہ دیا۔
آغا علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے فی الحال ایسا کچھ نہیں رکھا لیکن ان کے سوچنے سے کیا ہوتا ہے، انہوں نے تو پہلی شادی کے ختم ہونے کا بھی نہیں سوچا تھا۔
اداکار نے کہا کہ بہت سارے لوگوں کو لگتا ہے کہ ان کا زخم ابھی بہت گہرا ہے، خدا نے ان کے نصیب میں جو لکھا ہے، وہی ہوگا اور انہیں معلوم نہیں کہ ان کے لیے کیا لکھا ہوا ہے؟
آغا علی کے مطابق ان کے ساتھ بہت کچھ ایسا ہوا جس کا انہیں علم نہیں تھا لیکن وہ سب چیزیں ان کے نصیب میں لکھی تھیں تو ان کے ساتھ ہوئیں اور خدا نے لکھا ہوگا تو وہ دوسری شادی بھی کریں گے۔
اداکار نے سوال کرنے والی خاتون کو کہا کہ اگر ان کے پاس کوئی رشتہ ہے تو وہ انہیں بتا سکتی ہیں اور اگر وہ انہیں بتانا چاہتیں تو پروگرام کے پروڈیوسر کو بتادیں، وہ اداکار کو بتادیں گے۔
خیال رہے کہ آغا علی نے پہلی بار اکتوبر 2024 میں اداکارہ حنا الطاف سے طلاق کی تصدیق کی تھی، بعد ازاں دسمبر 2024 میں اداکار نے بتایا تھا کہ ان کی طلاق ڈیڑھ سال قبل ہی ہوچکی تھی۔
آغا علی اور حنا الطاف نے کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد مئی 2020 میں شادی کی تھی اور 2022 میں ہی ان کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئیں اور بعد ازاں ان کی طلاق کی چہ مگوئیاں ہونے لگیں۔
طلاق کی خبریں ڈیڑھ سال تک پھیلنے کے بعد آغا علی نے اکتوبر 2024 میں پہلی شادی ختم ہونے کی تصدیق کی تھی اور اب انہوں نے دوسری شادی کا عندیہ بھی دے دیا۔
مزیدپڑھیں:’مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے تو ایوان میں تنخواہوں میں اضافے کی کیا ضرورت ہے‘
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: دوسری شادی کا عندیہ ا غا علی نے اداکار نے انہوں نے کی تھی
پڑھیں:
وہ بالی ووڈ اداکار جو اربوں روپوں کے ذاتی جیٹ کے مالک ہیں
بالی ووڈ اسٹارز جہاں پردے پر پرتعیش زندگی گزارتے نظر آتے ہیں وہیں حقیقی زندگی میں بھی ایک شاہانہ زندگی گزارتے ہیں، جہاں دنیا کی بہترین سہولیات ان کی دسترس میں ہوتی ہیں۔ ان میں سے کچھ مشہور شخصیات کے پاس نجی طیارے بھی ہیں جو ان کی پرتعیش زندگی کا ایک اہم حصہ ہیں۔
شاہ رخ خان، سیف علی خان، پریانکا چوپڑا، امیتابھ بچن، اور اجے دیوگن ان ستاروں میں شامل ہیں جن کے پاس ذاتی طیارے ہیں۔ یہ طیارے وہ تعطیلات، فلموں کی شوٹنگ یا پروموشنز کے لیے استعمال کرتے ہیں، جس سے وہ اپنے مصروف شیڈول کو با آسانی مینج کر لیتے ہیں۔
شاہ رخ خان:ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، شاہ رخ خان کے پاس گلف اسٹریم G550 نجی طیارہ ہے، جسے وہ اکثر خاندانی تعطیلات یا فلمی کاموں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس طیارے کی قیمت تقریباً 61.5 ملین ڈالر (یعنی 500 کروڑ روپے سے زائد) ہے۔
سیف علی خان:شاہ رخ خان کی طرح، سیف علی خان کے پاس بھی گلف اسٹریم G550 نجی طیارہ ہے۔ وہ اس 61.5 ملین ڈالر مالیت کے پرتعیش طیارے کو ذاتی اور خاندانی سفر کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
پریانکا چوپڑا:عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے پاس ہاکر 800 طیارہ ہے، جو 6 سیٹوں پر مشتمل ہے۔ وہ اکثر اس طیارے میں اپنے شوہر نک جونس کے ساتھ سفر کرتی ہیں۔ اس طیارے کی قیمت تقریباً 85 کروڑ روپے ہے۔
ہرتیک روشن:پریانکا چوپڑا کی طرح ہرتیک روشن کے پاس بھی ہاکر 800 نجی طیارہ ہے، جسے وہ خاندانی یا پیشہ ورانہ سفر کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس کی قیمت بھی 85 کروڑ روپے ہے۔
امیتابھ بچن:میگا اسٹار امیتابھ بچن بومبارڈیئر چیلنجر 300 کے مالک ہیں، جس میں 10 مسافروں کی گنجائش ہے۔ ان کے طیارے کی مالیت تقریباً 260 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
اجے دیوگن:اجے دیوگن کے پاس بھی ہاکر 800 نجی طیارہ ہے، جو چھ سیٹوں پر مشتمل ہے۔ اس طیارے کی قیمت بھی 85 کروڑ روپے ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اجے دیوگن ان اولین بالی ووڈ اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے نجی طیارہ خریدا تھا۔
یہ سب طیارے ان ستاروں کی پرتعیش اور مصروف زندگی کا حصہ ہیں، جن کے ذریعے وہ نہ صرف آرام دہ سفر کرتے ہیں بلکہ وقت کی بچت بھی کرتے ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اجے دیوگن امیتابھ بچن بالی ووڈ پرائیوٹ جیٹ پریانکا چوپڑا سیف علی خان شاہ رخ خان ہرتیک روشن