طاقتور بحریہ سمندری تجارت کے تحفظ کی ضامن ہے،خواجہ آصف
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
بحری تجارت کامعیشت میں بنیادی کردار ہے، سمندی تحفظ کیلئے مشترکہ کوششیں کریں
دنیا بھر میں 90فیصد تجارت سمندری گزرگاہوں کے ذریعے ہوتی ہے،سینیٹرمشاہد حسین
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بحری تجارت کامعیشت میں بنیادی کردار ہے، طاقتور بحریہ سمندری تجارت کے تحفظ کی ضامن ہے، ہمارا اجتماعی فرض ہے کہ سمندی تجارت کے تحفظ کیلئے مشترکہ کوششیں کریں، عالمی معاشی نظام میری ٹائم پر انحصار کرتا ہے۔پاک بحریہ کی امن مشقوں کے تیسرے روز کراچی میں محفوظ سمندر،خوشحال مستقبل کے عنوان سے پہلے امن ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیاگیا،جس میں امن ڈائیلاگ میں شریک ممالک کی بحری افواج کے چیف آف نیول سٹاف اوردیگر عہدیدار شریک ہوئے جبکہ وزیردفاع خواجہ محمدآصف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔امن ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمدآصف نے کہاکہ دنیا بڑی معاشی تبدیلیوں سے گزررہی ہے، تجارتی ٹیرف نے ایک بڑاچیلنج بن کر سامنے آیاہے، یہ ہمارا اجتماعی فرض ہے کہ سمندری تجارت کے تحفظ کیلئے مشترکہ کوششیں کریں۔انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی نظام میری ٹائم پر انحصار کرتا ہے، بحرہند عالمی تیل اور گیس کے 50فیصد ذخائر رکھتا ہے، بحری تجارت کا معیشت میں بنیادی کردار ہے، بحری شعبے میں درپیش غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔خواجہ محمدآصف نے کہاکہ پاک بحریہ علاقائی امن اورسلامتی کے لیے اہم کردارادا کررہی ہے، مصنوعی ذہانت اورٹیکنالوجی کے انقلاب نے عالمی منظر نامہ بدل دیا ہے۔امن ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ امن ڈائیلاگ کے شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں، امن ڈائیلاگ کا مقصد میری ٹائم سکیورٹی کو لاحق خطرات سے آگاہی دینا ہے، امن ڈائیلاگ کے ذریعے بلیو اکانومی کو فروغ دیناہے، امن ڈائیلاگ مشرق اورمغرب کے درمیان ایک پل کا کردارادا کررہا ہے۔امن ڈائیلاگ سے خطاب میں سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان نے پچھلے ماہ سی ٹی ایف کا 13ویں مرتبہ چارج سنبھالا، دنیا بھر میں 90 فیصد تجارت سمندری گزرگاہوں کے ذریعے ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہونے کے ناطے ملکوں کے درمیان روابط کا کردارادا کررہا ہے، پاکستان نیوی شریک ملکوں کے درمیان تجارت اورروابط کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے بلاسود قرضے دئیے جا رہے ہیں: شافع حسین
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اور وزیر اعلیٰ آسان کاروبار کارڈ سکیموں کے بارے میں سٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس پیسک ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں بلاسود قرضوں کی دونوں سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ایم ڈی پیسک سائرہ عمر نے سکیموں پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی بلاسود قرضوں کی سکیموں کے تحت قرضوں کے حصول کیلئے لاکھوں افراد نے درخواستیں دی ہیں۔ آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 3کروڑروپے تک کے بلاسود قرضے دئیے جا رہے ہیں جبکہ آسان کاروبار کارڈ سکیم کے تحت 10لاکھ روپے تک بلا سود قرضے کی سہولت موجود ہے۔ یہ دونوں سکیمیں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہورہی ہیں۔ بلاسود قرضوں کی یہ دونوں سکیمیں انتہائی کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے کینیڈا کے ایکٹنگ ہائی کمشنر مسٹر ڈینیل آرسینلٹ نے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارت بڑھانے کے امور پر بات چیت ہوئی۔ صوبائی وزیر نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔ ایکٹنگ ہائی کمشنر کینیڈا نے کہا کہ کینیڈا اور پاکستان کے مابین باہمی تجارت بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ کینڈا اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے مابین روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔