وزیراعظم آج ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کیلئے امارات جائیں گے
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر ورلڈ گورنمنٹس سمٹ (ڈبلیو جی ایس) میں شرکت کیلئے10 سے11 فروری2025 ء تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق شیخ محمد بن راشد المکتوم کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں گورننس، اختراعات اور بین الاقوامی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کے لیے ریاستوں/حکومتوں کے سربراہان، عالمی پالیسی سازوں اور نجی شعبے کے سرکردہ رہنمائوں کی ایک کثیر تعداد کو مدعو کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا مارچ2024 ء میں عہدہ سنبھالنے کے بعد متحدہ عرب امارات کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر اہم ارکان اور ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہو گا، جو متحدہ عرب امارات اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اپنے دورے کے دوران، وزیراعظم ڈبلیو جی ایس سے کلیدی خطاب کریں گے۔ جس میں جامع اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اور گورننس اصلاحات کے لیے پاکستان کے وژن کو اجاگر کیا جائے گا۔ وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے اور شریک ممالک کے سربراہان مملکت/حکومت اور صف اول کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سرکردہ چیف ایگزیکٹو افسران سے بھی ملاقات کریں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: متحدہ عرب امارات کریں گے
پڑھیں:
وزیر اعظم کی ترکمانستان میں ترک صدر سے ملاقات
اشک آباد(نیوز ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی آج اشک آباد میں بین الاقوامی فورم کے موقع پر جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ترکیہ اور پاکستان کے مابین تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
رواں برس پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قیادت کی سطح پر ہونے والے مسلسل روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے ترکیہ کے ساتھ سیاسی، توانائی، اقتصادی، دفاع اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاک ترک جے ایم سی کے 16 ویں اجلاس کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا جو 7ویں HLSCC کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔
توانائی، پیٹرولیم اور معدنیات کے ترجیحی شعبوں میں ترکیہ کی دلچسپی اور سرمایہ کاری کا وزیرِ اعظم نے خیرمقدم کیا، وزیرِ اعظم نے اہم شعبوں میں حال ہی میں دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں ترکیہ کے اس شعبے میں تجربے سے مستفید ہونے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان وزارتی سطح کے تبادلے بہت جلد ہوں گے۔
وزیراعظم نے علاقائی روابط کی اہمیت پر زور دیا جس میں اسلام آباد- تہران۔ استنبول ریل نیٹ ورک کی بحالی شامل ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے صدر ایردوان کی جرات مندانہ قیادت اور غزہ میں امن کی کوششوں کے لیے مضبوط عزم تعریف کی۔
انہوں نے پاکستان اور افغان طالبان حکومت کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے میں ترکی کے تعمیری کردار کا شکریہ بھی ادا کیا لیکن اس بات پر زور دیا کہ امن تب ہی ممکن ہو گا جب پاکستان کے سلامتی کے خدشات کو پوری طرح سے حل کیا جائے۔
صدر ایردوان نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔