لیبیا میں 2 اجتماعی قبروں سے 50 تارکین وطن کی لاشیں برآمد
اشاعت کی تاریخ: 9th, February 2025 GMT
کفرہ: لیبیا کے جنوب مشرقی صحرا میں دو اجتماعی قبروں سے تقریباً 50 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام کے مطابق یہ لاشیں یورپ پہنچنے کے خواہش مند تارکین وطن افراد کی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق پہلی اجتماعی قبر ملک کے جنوب مشرقی شہر کفرہ کے ایک فارم سے جمعے کے روز دریافت ہوئی جس میں سے 19 لاشیں نکالی گئیں۔
مقامی سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے مطابق ان لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے، حکام کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تصاویر میں پولیس اہلکاروں اور طبی عملے کو ریت میں دبی لاشیں نکالتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ تارکین وطن افراد کی مدد کرنے والے ایک مقامی فلاحی ادارے کے مطابق جن افراد کی لاشیں ملی ہیں ان میں سے بعض افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا اور پھر اجتماعی قبر میں دفن کر دیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق دوسری اجتماعی قبر بھی کفرہ میں ایک انسانی اسمگلنگ کے اڈے پر چھاپے کے دوران دریافت ہوئی جس میں کم از کم 30 لاشیں موجود تھیں۔ ایک مقامی سکیورٹی اہلکار کے مطابق زندہ بچ جانے والے افراد نے بتایا کہ مجموعی طور پر 70 افراد کو اس قبر میں دفن کیا گیا تھا اور حکام مزید لاشوں کو تلاش کررہے ہیں۔
لیبیا میں گزشتہ سال بھی حکام نے شعیرف کے علاقے سے کم از کم 65 مہاجرین کی لاشیں دریافت کی تھیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: کے مطابق
پڑھیں:
باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد زخمی، 50 مویشی ہلاک
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چرواہے اپنے مویشیوں سمیت کھلے علاقے میں موجود تھے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے تقریباً 50 مویشی بھی ہلاک ہوگئے، جس سے متاثرہ خاندانوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال خار منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
دوسری جانب، لوئر چترال میں آنے والے زلزلے کے جھٹکوں سے ایک گھر اور ایک اسکول کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کے بعد نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں علاقے میں روانہ کر دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں حالات پر نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Post Views: 1