پیوٹن سے یو کرین جنگ کے خاتمے پر بات ہوچکی، ان کے پاس ٹھوس منصوبہ ہے، امریکی صدر
اشاعت کی تاریخ: 9th, February 2025 GMT
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے فون پر بات چیت کی ہے، جس میں یوکرین میں جنگ کے خاتمے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق نیویارک پوسٹ کو ایئر فورس ون پر دیے گئے ایک انٹرویو میں جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے کتنی بار بات کی ہے؟، تو ان کا کہنا تھا کہ ’بہتر یہی ہے کہ یہ نہ بتایا جائے‘، تاہم انہوں نے کہا کہ پیوٹن چاہتے ہیں کہ لوگوں کی اموات نہ ہوں، انہیں مرنے سے بچایا جائے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے انٹرویو میں بتایا کہ ان کے ’پیوٹن کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں‘ اور پیوٹن کے پاس جنگ کے خاتمے کے لیے ٹھوس منصوبہ ہے، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ جنگ کے خاتمے کا عمل تیز ہو جائے گا، ہر روز لوگ مر رہے ہیں، یوکرین میں یہ جنگ بہت خراب ہے، میں اس خوف ناک چیز کو ختم کرنا چاہتا ہوں۔
روسی صدارتی محل کریملن اور وائٹ ہاؤس نے فوری طور پر اس حوالے سے تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
جنوری کے اواخر میں کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا تھا کہ پیوٹن ٹرمپ کے ساتھ فون پر بات چیت کے لیے تیار ہیں اور ماسکو واشنگٹن کی جانب سے اس بات کا انتظار کر رہا ہے کہ وہ بھی تیار ہے۔
گزشتہ روز ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر اگلے ہفتے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی سے ملاقات کریں گے اور جنگ کے خاتمے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
یوکرین پر روس کے مکمل حملے کے ساتھ شروع ہونے والی جنگ کے 24 فروری کو 3 سال مکمل ہوجائیں گے، اس تنازع کے دوران ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت یوکرین کے شہریوں کی ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: جنگ کے خاتمے نے کہا
پڑھیں:
امریکی وزیر دفاع نے یمن حملے سے متعلق حساس منصوبہ غیر متعلقہ افراد سے شیئر کیا، میڈیا رپورٹس
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے نجی سگنل چیٹ گروپ میں یمن پر امریکی فضائی حملوں کے بارے میں حساس معلومات غیر متعلقہ افراد کے ساتھ شیئر کردیں۔
نیویارک ٹائمز اور سی این این نے رپورٹ کیا کہ امریکی وزیر نے نجی سگنل چیٹ گروپ میں یمن پر آئندہ امریکی فضائی حملوں کے بارے میں معلومات شیئر کیں جب کہ اس گروپ میں ان کی اہلیہ، بھائی اور ذاتی وکیل شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق اس بات چیت میں تفصیل سے بتایا گیا تھا کہ کب کیا ہوگا، جب کہ امریکی وزیر دفاع پر غیر مجاز افراد کے ساتھ ایک کمرشل پیغام رسا ایپ کے ذریعے حساس فوجی معلومات کا اشتراک کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
پچھلے مہینے دی اٹلانٹک میگزین نے انکشاف کیا تھا کہ اس کے ایڈیٹر انچیف کو انجانے میں ایک سگنل چیٹ میں شامل کیا گیا جس میں وزیر دفاع اور قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز سمیت دیگر حکام نے 15 مارچ کو ہونے والے حملوں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
اس انکشاف نے ہنگامہ برپا کر دیا تھا جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو غیر دانستہ طور پر حساس معلومات لیک کرنے پر اسکینڈل کا سامنا کرنا پڑا، اس اس لیک کے بارے میں پینٹاگون کے انسپکٹر جنرل کی تحقیقات جاری ہیں۔
امریکی وزیر دفاع کو اپنے ہی حامی کیمپ کے اندر سے بڑھتی ہوئی تنقید کا سامنا ہے جب کہ تین سابق عہدیداروں نے اپنے ایک تحریری بیان میں ان کی مذمت کی اور پینٹاگون کے ان کے اپنے ایک سابق ترجمان نے اتوار کو انہیں برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔
میڈیا رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے نیویارک ٹائمز پر ٹرمپ سے نفرت کرنے والا میڈیا گروپ ہونے کا الزام لگایا۔
اخبار نے رپورٹ کیا کہ شیئر کی گئی معلومات میں یمن میں حوثیوں کو نشانہ بنانے والی پروازوں کا شیڈول بھی شامل ہے۔