امریکہ: ریاست الاسکا میں لاپتا طیارے کا ملبہ مل گیا، تمام 10 افراد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT
ویب ڈیسک — امریکہ کی ریاست الاسکا میں جمعرات کو لاپتا ہونے والے چھوٹے طیارے کا ملبہ مل گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق طیارے کے پائلٹ سمیت اس میں سوار تمام دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
امریکہ کے کوسٹ گارڈ نے طیارے کا ملبہ ملنے کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان کوسٹ گارڈ مائیک سلرنو کے مطابق ریسکیو ورکرز نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے طیارےکے ملبے کی نشاندہی کی۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ طیارے کی ریڈار میں آنے والی آخری لوکیشن پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
الاسکا اسٹیٹ ٹروپرز، الاسکا ایئر نیشنل گارڈ، الاسکا آرمی نیشنل گارڈ سمیت مقامی سرچ ٹیموں نے لاپتا طیارے کی تلاش کے کاموں میں حصہ لیا۔
بیرنگ ایئر کا طیارہ جمعرات کو یونالکلیٹ سے نوم شہر جا رہا تھا جس میں پائلٹ سمیت دس افراد سوار تھے۔
الاسکا اسٹیٹ ٹروپرز کے مطابق انہیں جمعرات کی شام چار بجے طیارے کے لاپتا ہونے کے بارے میں بتایا گیا تھا۔
کوسٹ گارڈ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ آخری مرتبہ طیارے کی لوکیشن سمندر سے 19 کلو میٹر دور دیکھی گئی تھی۔
امریکہ میں گزشتہ چند روز کے دوران یہ تیسرا فضائی حادثہ ہے۔ 29 جنوری کو واشنگٹن ڈی سی کے ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب امیریکن ایئر لائنز کے مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم ہوا تھا جس میں مجموعی طور پر67 افراد سوار تھے۔
اس واقعے کے دو روز بعد ہی فلاڈیلفیا شہر میں ایک ایئر ایمبولینس کے گرنے کے واقعے میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اس رپورٹ کے لیے بعض معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل کے مطابق
پڑھیں:
نئی دہلی میں عمارت گرنے سے کم ازکم 11 افراد ہلاک
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے مضافات میں ایک رہائشی عمارت گرنے سے 3 بچوں سمیت کم از کم 11 افراد ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز صبح سویرے شہر کے شمال مشرقی ضلع میں پیش آیا جہاں زیادہ تر مہاجر مزدور رہتے ہیں اور ریسکیو ٹیمیں دن بھر ملبے میں کھدائی کرتی رہیں۔
این ڈی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق 11 افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا جبکہ 11 دیگر افراد کو بچا کر اسپتال لے جایا گیا، نیٹ ورک نے بتایا کہ 5 افراد اب بھی زیر علاج ہیں۔
بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ وہ جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہیں۔
مودی کے دفتر نے ایکس پر جاری بیان میں لکھا کہ ’زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں اور اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے تعزیت کرتا ہوں‘۔
جائے وقوعہ سے صرف 20 کلومیٹر دور اپنے سرکاری محل میں مقیم صدر دروپدی مرمو نے کہا کہ ’خواتین اور بچوں سمیت بہت سے لوگوں کی موت بہت افسوسناک ہے‘۔
مودی کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے حال ہی میں تقریباً 3 دہائیوں میں پہلی بار دہلی ریاستی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے، عمارت گرنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔
دہلی کے وزیر کپل مشرا نے اس طرح کی عمارتوں کے گرنے کے لیے حریف عام آدمی پارٹی کے ذریعے چلائی جانے والی میونسپل حکومت میں بدعنوانی کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ اس طرح کی غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام غیر قانونی عمارتوں کا سروے ضروری ہے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 4 منزلہ عمارت تاش کے ڈھیر کی طرح منہدم ہوگئی۔
بھارت میں عمارتیں گرنے کے واقعات اکثر ہوتے رہتے ہیں اور بڑے شہروں میں غیر قانونی تعمیرات گرنا عام سی بات ہے جن میں اکثر مہاجر مزدوروں کے گھر ہوتے ہیں۔
Post Views: 1