کراچی: تیز رفتار ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، 3 نوجوان جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT
کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر تیز رفتار ڈمپر نے 3 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کورنگی ابراہیم حیدری سے کراسنگ جاتے ہوئے تیز رفتار ڈمپر نے تین موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس سے تینوں کی موت واقع ہو گئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تھی، ٹکر مارنے کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور فرار ہو گیا جبکہ مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت آصف اور امجد جیلانی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ تیسرے متوفی کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا اور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 5 فروری کو بھی 2 مختلف حادثات میں کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے 5 شہری جاں بحق ہوئے تھے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی میں اناڑی سکیورٹی گارڈ نے گولی چلادی، نوجوان زخمی؛ ویڈیو سامنے آ گئی
کراچی:اناڑی سکیورٹی گارڈ سے گولی چلنے کے نتیجے میں 17 سالہ نوجوان زخمی ہوگیا، واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی۔
واٹر پمپ کے علاقے میں ایک نجی ریسٹورنٹ کے باہر اناڑی سکیورٹی گارڈ کی غفلت سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں 17 سالہ نوجوان آیان زخمی ہو گیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں سیکیورٹی گارڈ کو اسلحے سمیت دیکھا جا سکتا ہے جب کہ فائرنگ سے قبل وہ ایک ضعیف شخص کے ساتھ بحث بھی کرتا ہے۔
فوٹیج میں واضح ہے کہ سکیورٹی گارڈ اسلحہ کو دیکھ رہا تھا کہ اسی دوران اچانک ایک نوجوان زخمی حالت میں نظر آتا ہے۔ گولی آیان کی ٹانگ پر لگی، جس کے بعد موقع پر موجود شہری مشتعل ہو گئے اور سکیورٹی گارڈ کو پکڑ لیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق سکیورٹی گارڈ نے خود کو مشتعل شہریوں سے بچانے کے لیے نجی ریسٹورنٹ کے اندر پناہ لی۔
واضح رہے کہ واقعہ 2 روز قبل کراچی کے جوہر آباد تھانے کی حدود میں پیش آیا تھا، پولیس کے مطابق اناڑی سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔