بجلی کے شعبے میں اصلاحات لاکر نرخوں میں مزید کمی کریں گے، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT
لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف تزئین و آرائش شدہ قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کر رہے ہیں
اسلام آباد/ لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات لاکر نرخوں میں مزید کمی کریں گے، آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی سے قومی خزانے کو بچت ،قیمت کم ہو رہی ہے،اصلاحات کے مثبت ثمرات عوام تک پہنچائیں گے، دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں نو تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کر دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے ہاتھوں بھارت کی شکست کا انتظار کرینگے جبکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کو ملکر کامیاب کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی کے شعبے میں اصلاحات پر عمل درآمد پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا اور اجلاس کو بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے آئندہ 3برس کے اہداف پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے حکام کو تمام اصلاحات اور منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے گھریلو صارفین اور صنعتوں کے لیے بجلی کے ٹیرف میں مزید کمی لائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات کے مثبت ثمرات موصول ہو رہے ہیں، گزشتہ 7 دہائیوں کا بگاڑ بہتر کرنے کے لیے وزارت اور متعلقہ ادارے تعاون سے کام کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں کم لاگت ماحول دوست بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے، آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظر ثانی سے قومی خزانے کو بچت اور صارف کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ انسداد بجلی چوری مہم سے تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں کمی خوش آئند اور وزارت بجلی و معاون اداروں کی محنت کا نتیجہ ہے، بجلی چوری کے خلاف مہم مزید تیز کرکے تمام تقسیم کار کمپنیوں کے اس حوالے سے خسارے میں 100 فیصد کمی لائیں گے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں نو تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق چیئرمین نجم سیٹھی، ذکا اشرف، قومی ٹیم کے کھلاڑی اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مختلف محکموں کے حکام میں تعریفی شیلڈز تقسیم کیں۔ افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم سب کے لیے بڑی خوشی کا دن ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو بہت ہی شاندار طریقے سے مکمل ہوئی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، چیمپئنز ٹرافی جیت کر آپ پوری قوم کے ہیرو ہوں گے بلکہ جو ہمارا ہمسایہ (بھارت) ہے اس کو شکست دے کر آپ 24 کروڑ عوام کے دل جیتیں گے، ہم سب آپ کے لیے دعاگو ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم اس وقت کا انتظار کریں گے جب آپ بھارت کو شکست دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شا اللہ اللہ تعالیٰ ٹرافی پاکستان کی جھولی میں ڈالے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ تقریباً 30 سال بعد ملک میں بڑا ٹورنامنٹ ہونے جارہا ہے، ہم مل کر اس کو کامیاب کریں گے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: بجلی کے شعبے میں اصلاحات وزیر اعظم شہباز شریف نے کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم اصلاحات کے کرتے ہوئے کریں گے کے لیے
پڑھیں:
آئندہ دنوں میں بجلی مزید 7 سے 8 روپے فی یونٹ سستی ہوگی، اعظم نذیر تارڑ
گوجرانوالہ(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں بجلی کی قیمت میں مزید 7 سے 8 روپے فی یونٹ کمی ہوگی۔
اتوار کو جڑانوالہ میں کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ زراعت کو نصاب میں شامل ہونا چاہیے، چین نے پروگریسو فارمنگ کے ذریعے انقلاب برپا کیا ہے اور وزیر اعظم نے اس معاملے میں چین سے خصوصی تعاون کی درخواست کی ہے۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ زراعت کی جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی کے لئے ہمارے ایک ہزار زرعی گریجویٹس تربیت کے لیےچین جا رہے ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ زیادہ پیداوار کے لیے بیج اچھا ہونا بھی ضروری ہے، وزیراعظم سیڈز ڈویلپمنٹ کے لیے پُرعزم ہیں، اجناس کا یہ بحران عارضی ہے اور جلد اس پر قابو پالیں گے ، سپورٹنگ پرائس ختم ہونے سے پیدا ہونے والی مشکلات عارضی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کو 15 ارب روپے کا پیکج دیا ہے، کسانوں کو سستی کھاد کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور حکومت گندم کاشت کرنے والے زمینداروں کی بہتری کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت بجلی کی قیمت میں مزید ریلیف دے گی اور آنے والے دنوں میں بجلی کی قیمت میں مزید سات سے آٹھ روپے فی یونٹ کمی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کھاد کی قیمتیں کم کرنے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔
آج بروز پیر بالائی خیبر پختونخوا،کشمیر،گلگت بلتستان میں آج بارش کا امکان