چیمپیئنز ٹرافی کا میچ دبئی جا کر دیکھنے والے شائقین کیلیے خوشخبری
اشاعت کی تاریخ: 7th, February 2025 GMT
لاہور:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے چیمپیئنز ٹرافی کا میچ دبئی جا کر دیکھنے والے شائقین کو خوش خبری سنا دی۔
پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ دبئی کے لیے ویزا کا مسئلہ حل ہوگیا ہے، جس کے پاس میچ کا کارڈ یا ٹکٹ ہوگا اس کو ویزا مل جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دبئی جانے کے حوالے سے چارٹرڈ فلائٹس کے لیے پی آئی اے سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے ساتھ میچ پاسز کی ڈیل طے پائی ہے جس کے تحت آئی سی سی سے طے شدہ رقم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 16 فروری کو چیمپیئنز ٹرافی کی تقریب آئی سی سی کی آفیشل تقریب ہے جس میں مختلف ممالک کے لوگوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیا اسٹیڈیم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے پر فضا مقام پر نیا اسٹیڈیم بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو نئے طریقے سے ڈیزائن کریں گے اور چیمپیئنز ٹرافی کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی بلڈنگ کو گرا کر نئے انداز سے بنائیں گے۔ قذافی اسٹیڈیم کے نئے فائو سٹار ہوٹل کی تزئین و آرائش اگلے ایک سال میں مکمل کریں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ این سی اے کے ٹریننگ گراؤنڈ کو وسیع کریں گے جبکہ وی آئی پی باکسز کو چھ سال کے لیے رینٹ پر دیں گے اور ہر باکس کی قیمت 10 کروڑ روپے رکھی جائے گی، 24 باکسز میں سے کچھ سیریز ٹو سیریز رینٹ کریں گے اور باقی کچھ مدت کے لیے رینٹ کریں گے۔
قبل ازیں، چیئرمین پی سی بی نے اجلاس میں قومی کھلاڑیوں کی سلیکشن پر مشاورت بھی کی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: چیمپیئنز ٹرافی محسن نقوی نے نے کہا کہ کریں گے کے لیے
پڑھیں:
محسن نقوی اور سعودی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی سفیر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپلومیٹک انکلیو سعودی سفارتخانے آمد پر سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے معاشی و سماجی شعبوں میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر سعودی عرب کی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ پاک گلف تعاون کونسل انسداد منشیات کانفرنس میں سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفد کی شرکت پر مشکور ہیں، انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن روکنے کیلئے پاسپورٹ کے حصول کیلئے نئی شرائط عائد کی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھکاری مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا، سعودی شہریوں کیلئے پاکستان آنے پر کوئی ویزا نہیں، جب چاہیں آئیں۔وزیر داخلہ نے منشیات کیس میں ملوث بے گناہ خاندان کی رہائی کیلئے بھرپور تعاون پر بھی سعودی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بے گناہ خاندان کی رہائی و وطن واپسی کیلئے سعودی عرب نے بہت ساتھ دیا، سعودی عرب حکومت کے تعاون کی بدولت ہی خاندان کے 5 افراد کو رہائی ملی اور وطن واپس آئے۔اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں جنہیں مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔