کراچی: گھر سے خاتون کی کمبل میں لپٹی ہوئی لاش برآمد
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2025 GMT
اورنگی ٹاؤن میں گھر سے خاتون کی چند روز پرانی گلا کٹی کمبل میں لپٹی ہوئی لاش ملی جبکہ پولیس نے آلہ قتل برآمد کرلیا، خاتون کا شوہر واقعہ کے بعد سے غائب ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیر آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن صدیق اکبر محلہ میں گھر سے خاتون کی تعفن زدہ گلا کٹی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا جبکہ مقتولہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا۔
ایس ایچ او پیر آباد امتیاز میر جت نے بتایا کہ گھر سے تعفن اٹھنے پر مالک مکان نے پولیس کو اطلاع دی تو گھر کے دروازے پر تالا لگا ہوا تھا جسے توڑ کر پولیس اندر داخل ہوئی تو کمرے میں کمبل کے اندر سے خاتون کی تعفن زدہ گلا کٹی ہوئی لاش ملی جو کہ 5 روز پرانی معلوم ہوتی ہے جبکہ پولیس کو کمرے سے آلہ قتل تیز دھار آلہ (چھری) بھی مل گیا ہے جسے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مقتولہ کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے جبکہ مقتولہ کے شوہر عبدالسلام نے مذکورہ ایک کمرے کا مکان 6 ماہ قبل کرائے پر لیا تھا۔
مقتولہ اور اس کے شوہر کا آبائی تعلق خیبر پختونخواہ سے ہے جبکہ مقتولہ کا شوہر عبدالسلام آن لائن بائیک رائیڈر ہے جو کہ واقعہ کے بعد سے پراسرار طور پر غائب ہے جس سے شبہ ہے کہ وہ بیوی کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہوسکتا ہے۔
تاہم، اس کے سامنے آنے کے بعد ہی صورتحال واضح ہو سکے گی۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد مقتولہ کی لاش تلاش ورثا اور شناخت کی غرض سے سرد خانے میں رکھوا دی ہے اور اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سے خاتون کی گھر سے کے بعد
پڑھیں:
’’تمہارے بھائیوں نے گندم کی فصل میں کم حصہ دیا‘‘ بیوی کے تشدد سے شوہر ہلاک
بیوی کے بہیمانہ تشدد سے شوہر جاں بحق ہوگیا۔ ابتدائی طور پر تشدد سے قتل کی وجہ گندم کی فصل میں حصہ بتایا گیا ہے۔
افسوس ناک واقعہ پنجاب کے علاقے شاہکوٹ میں پیش آیا، جہاں گندم کی فصل میں حصہ کم ملنے کے تنازع پر بیوی کے مبینہ تشدد سے شوہر جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ نواحی گاؤں 35/32-چودہ ایل میں پیش آیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول اور اس کے بھائیوں نے مل کر گندم کی فصل کاشت کی تھی، تاہم خاتون کا مؤقف تھا کہ فصل کی تقسیم میں ان کے شوہر کے خاندان نے ناانصافی کی اور انہیں کم حصہ دیا گیا۔ اس معاملے پر میاں بیوی کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔
پولیس کے مطابق اسی دوران مبینہ طور پر بیوی نے شوہر پر شدید تشدد کیا، جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی اور وہ دم توڑ گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا، جسے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اہل علاقہ میں واقعے کے بعد خوف و افسوس کی فضا قائم ہے۔