کراچی: 24 گھنٹے میں ڈمپرز نے 5 شہریوں کی جان لے لی
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2025 GMT
— فائل فوٹو
کراچی میں 24 گھنٹے کے دوران ڈمپر ڈرائیورز نے 5 شہریوں کی جان لے لی۔
آج پیش آنے والے ایک اور حادثے میں ملیر ہالٹ پر ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے باپ اور بیٹا جاں بحق ہو گئے جبکہ ماں زخمی ہو گئی۔
اس حادثے کا ذمے دار ڈرائیور ڈمپر سمیت فرار ہو گیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی میں قاتل ڈمپروں کو لگام نہ دی گئی تو انتہائی اقدام پر مجبور ہوں گا۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار میاں بیوی اور ان کا بیٹا شدید زخمی ہو گئے تھے جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ باپ اور بیٹا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ خاتون کو شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
جاں بحق ہونے والے باپ اور بیٹے کی شناخت 38 سالہ سلیم اور 13 سالہ آفاق کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی خاتون کی شناخت 30 سالہ روبینہ کے نام سے ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز شارع فیصل تھانے کی حدود میں راشد منہاس روڈ پر ملینیئم مال کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا تھا جس کے نتیجے میں میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
یہ حادثہ اتنا دلخراش تھا کہ موقع پر موجود لوگوں کی چیخیں نکل گئی تھیں۔
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
کراچی میں نماز کیلیے جانے والے بزرگ کو واٹر ٹینکر نے کچل دیا
سعید آباد کے علاقے بلدیہ سیکٹر 8 ای میں خونی واٹر ٹینکر نے نماز پڑھنے والے بزرگ شہری کو روند کر زندگی سے محروم کر دیا۔
ایس ایچ او سعید آباد ادریس بنگش نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 75 سالہ عارف خان کے نام سے کی گئی جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق متوفی جائے وقوعہ کے قریب ہی گلی کا رہائشی تھا اور نماز پڑھنے جا رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران متوفی واٹر ٹینکر کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر سخت جدوجہد کے بعد واٹر ٹینکر کو مشتعل افراد کے ہاتھوں جلنے سے بچا کر قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ پولیس واٹر ٹینکر کے مالک اور ڈرائیور کا پتہ چلانے کی کوششیں کر رہی ہے۔