کرم میں مزید 4 بنکرز دھماکے سے اُڑا دیے گئے، فریقین کا دوسرا جرگہ آج ہوگا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
ڈی آئی خان:
کرم میں بنکرز کی مسماری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ فریقین کے درمیان قیام امن کے لیے دوسرا جرگہ آج ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ کرم کے مطابق معاہدے کے مطابق بنکرز کی مسماری کا کام آج بھی جاری ہے۔ اس دوران لوئر کرم بالش خیل اور خار کلی میں مزید 4 بنکرز بارودی مواد سے اڑا دیے گئے۔
انتظامیہ کی جانب سے اب تک کل 26 بنکرز مسمار کرنے کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ مزید بنکرز گرانے کا کام آج بھی جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کوہاٹ امن معاہدے کی رو سے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کے لیے کانوائے چلانے سمیت مختلف اقدامات جا ری ہیں۔
امن جرگہ
دوسری جانب ضلع کرم قیام امن کے لیے فریقین کا دوسرا جرگہ آج پشاور میں منعقد ہوگا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز فریقین کے مابین اسلام آباد میں اہم بیٹھک ہوئی تھی، جس کے بعد آج کے جرگے میں دونوں فریق شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ جرگے میں سوشل میڈیا کا غلط استعمال روکنے سمیت امن و امان پر بات ہوئی تھی۔ جرگے کے دوسرے دور میں قیام امن پر تفصیلی بات چیت اور عمائدین کو قریب لانے کی کوشش ہوگی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
غزہ مارچ، انتظامیہ نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا
فائل فوٹواسلام آباد ایکسپریس وے پر غزہ مارچ کے بعد انتظامیہ نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔
متبادل ٹریفک پلان کے تحت امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ریڈ زون کے تمام داخلہ راستے عارضی طور پر بند کردیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرینا، نادرا، میریٹ اور ایکسپریس چوک تاحکم ثانی عارضی طور پر بند ہوں گے، شہری راول ڈیم سے فیض آباد جانے والے کشمیر چوک پارک روڈ استعمال کریں۔
ضلعی انتظامیہ کے اعلامیے کے مطابق شہری اوجڑی کیمپ لوپ سے ایکسپریس وے جانے والے ڈھوک کالا خان سروس روڈ استعمال کریں۔
انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی سے اسلام آباد کےلیے راولپنڈی ڈبل روڈ سے نائنتھ ایونیو جبکہ کرال سے راولپنڈی جانے والے پرانا ایئرپورٹ راول روڈ استعمال کریں۔
ضلعی انتظامیہ کے اعلامیے کے مطابق اسلام آباد سے راولپنڈی جانے کےلیے سری نگر ہائی وے نیو ڈبل روڈ اور اسلام آباد سے نیو ایئرپورٹ کےلیے سیونتھ ایوینیو مارگلہ روڈ، ایران ایوینیو استعمال کریں۔
انتظامیہ کے مطابق آئی ایٹ سے فیصل ایونیو کےلیے شہری نائنتھ ایونیو سری نگرہائی وے استعمال کریں۔ اس دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کی رہنمائی کے لیے مصروف عمل ہے۔