جیولری شاپ سے 18لاکھ مالیت کا ہار چوری کرنے والی خواتین کی فوٹیج سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
راولپنڈی:
راولپنڈی میں قیمتی اشیاء چوری کرنے والی خواتین کے گروہ نے تھانہ بنی کے علاقے میں واقع جیولری شاپ پر بھی ہاتھ کی صفائی دِکھا دی۔
خاتون کی دیدہ دلیری سے جیولری شاپ پر سونے کا قیمتی ہار چوری کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا گیا کہ چند خواتین جیولری شاپ پر جیولری دیکھ رہی ہوتی ہیں کہ اس دوران ایک خاتون اچانک 6تولے کا قیمتی ہار اٹھا کر گود میں رکھ لیتی ہے۔ خاتون کو ہار گود میں رکھ کر انتہائی تیزی سے اس پر چادر ڈالتے بھی دیکھا گیا۔
خواتین کے جانے کے بعد جیولری شاپ کی انتظامیہ نے دیکھا تو ہار غائب تھا، خواتین دکان سے رکشے میں بیٹھ کر فرار ہوئیں۔
مالک کے مطابق ہار 6تولے کا تھا جس کی قیمت تقریباً 18 لاکھ روپے بنتی ہے۔
ایچ او تھانہ بنی راجہ حسنین ایس کا کہنا ہے کہ واقعہ رپورٹ ہوا ہے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
عدالت نے خلع لینے والی خاتون کو بھی حق مہر کا حقدار قرار دے دیا
لاہور ہائی کورٹ نے خلع لینے والی خواتین سے متعلق اہم نقطہ طے کرتے ہوئے خلع لینے والی خاتون کو بھی حق مہر کا حقدار قرار دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری آصف محمود کی درخواست پر فیصلہ سنایا، عدالت نے 08 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔
درخواست گزار نے ساہیوال ڈسٹرکٹ عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا، درخواست گزار نے خلع کی بنیاد پر حق مہر اور جہیز کی رقم دینے کی ڈگری کو چیلنج کیا تھا۔
عدالت نے خلع لینے والی خاتون کوحق مہر کا حقدار قرار دیا اور کہا کہ محض خلع لینے کی بنیاد پر خاتون کو حق مہر کی رقم سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت نے کہا کہ حق مہر کی رقم خاتون کے لیے سیکیورٹی تصور کی جاسکتی ہے، اگر خاوند کا رویہ خاتون کو خلع لینے پر مجبور کرے تو وہ حق مہر لینے کی مکمل حقدار ہے۔
عدالت نے کہا کہ بیٹی کو جہیز دینا ہمارے معاشرے میں سرایت کر چکا ہے، والدین جتنی بھی استطاعت رکھتے ہوں وہ بیٹی کو جہیز لازمی دیتے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ بنیادی طور پر طلاق شوہر کا حق ہے اور طلاق کی صورت میں شوہر حق مہر، تحائف واپس مانگنے کے حق سے محروم ہوجاتا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ طلاق دینے کی صورت میں سورۃ النساء میں بھی شوہر کو بیوی سے دیے گئے مال اور تحائف واپس مانگنے سے روکا گیا ہے۔
فیصلہ میں کہا گیا کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے تحت خاوند کے تشدد، برے رویے وغیرہ کی بنیاد پر لیے گئے خلع کے بعد عدالت حق مہر کی رقم واپس نہ کرنے کا حکم دے سکتی ہے۔