بانی پی ٹی آئی کے لئے امریکہ سے کوئی فون کال نہیں آئی، وزیر داخلہ
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے لئے امریکہ سے کوئی کال نہیں آئی ،سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں حقائق نہیں ہوتے ، تحریک انصاف 8فروری کے احتجاج کی کال پر نظرثانی کرے ،اگر درخواست قبول نہ کی تو پھر ایسا ہی ہو گا جیسا پہلے ہوا تھا، 8فروری کو احتجاج ہوا تو ریاست 26نومبر کی طرح حرکت میں آئے گی۔ مذاکرات سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے پوچھیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں،پاکستان کے امریکہ کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں، میرے دورے کے اثرات جلد سامنے آئیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں نادرا سینٹرز میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کو 8 فروری کے احتجاج کی کال پر نظرثانی کی درخواست کرتے ہیں، پہلے بھی پی ٹی آئی نے ایسی ہی تاریخیں طے کی تھیں۔محسن نقوی نے کہا کہ مذاکرات سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے پوچھیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں، اپنے دورے کے دوران متعدد سینیٹرز اور کانگریس مین سے ملاقاتیں کی ہیں، جن کے اثرات جلد سامنے آئیں گے ۔غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے کشتی کے ذریعے یورپ جانے کے لیے ویزے کا غلط استعمال کرنا انتہائی غلط اور باعث تشویش ہے ، اس طرح کے اقدامات سے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے ، اس میں سہولت فراہم کرنے والے ذمہ دار ہیں۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
سعودی شہریوں کو پاکستان آنے کیلئے کسی ویزا کی ضرورت نہیں، وزیر داخلہ
اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ سعودی شہریوں کو پاکستان آنے کے لئے کسی ویزا کی ضرورت نہیں، وہ جب چاہے پاکستان آسکتے ہیں۔
ڈپلومیٹک انکلیو سعودی سفارتخانے آمد پر سعودی عرب کے سفیر نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے معاشی و سماجی شعبوں میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر سعودی عرب کی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک گلف تعاون کونسل انسداد منشیات کانفرنس میں سعودی عرب کے اعلی سطح کے وفد کی شرکت پر مشکور ہیں، انسداد منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لئے پاسپورٹ کے حصول کے لیے نئی شرائط عائد کی جا رہی ہیں، بھکاری مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی شہریوں کے لئے پاکستان آنے پر کوئی ویزا نہیں، جب چاہیں آئیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے منشیات کیس میں ملوث بے گناہ خاندان کی رہائی کے لیے بھر پور تعاون پر بھی سعودی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ خاندان کی رہائی و وطن واپسی کے لیے سعودی عرب نے بہت ساتھ دیا، سعودی عرب حکومت کے تعاون کی بدولت ہی خاندان کے 5 افراد کو رہائی ملی اور وطن واپس آئے۔
اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں، مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔