پاکستان رینجرز اور پولیس کی کچے کے علاقے میں ڈکیتوں کے خلاف مشترکہ کارروائیاں
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
GHOTKI:
پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ضلع گھوٹکی کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں۔
رینجرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایم فائیو موٹر وے پر ایک مال بردار کنٹینر پر ڈاکوؤں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے کنٹینر اور اس کے عملے کو اغوا کرنے کی کوشش کی، تاہم رینجرز کی فوری مداخلت سے ان کی کوششیں ناکام ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق 7 سے 8 مسلح ڈاکو کچے کے ایریا رونتی نیک موڑ سے بچو بند کے راستے ایم فائیو موٹر وے پر ایک مال بردار کنٹینر پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
اطلاع ملتے ہی رینجرز سندھ کی پٹرولنگ موبائلز موقع پر پہنچ گئیں، جس کے نتیجے میں مسلح ڈاکوؤں نے رینجرز پر فائرنگ شروع کر دی۔ اس فائرنگ کے دوران کنٹینر کا ڈرائیور اور عملہ معمولی زخمی ہو گئے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق، رینجرز کی جوابی کارروائی کے بعد ڈاکو کنٹینر کو چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی افراد کو فوری طور پر رینجرز کی جانب سے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں۔ رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر فوری طور پر اطلاع دینے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کیا جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد زخمی، 50 مویشی ہلاک
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چرواہے اپنے مویشیوں سمیت کھلے علاقے میں موجود تھے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے تقریباً 50 مویشی بھی ہلاک ہوگئے، جس سے متاثرہ خاندانوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال خار منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
دوسری جانب، لوئر چترال میں آنے والے زلزلے کے جھٹکوں سے ایک گھر اور ایک اسکول کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کے بعد نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں علاقے میں روانہ کر دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں حالات پر نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Post Views: 1