برفباری کا نظارہ؛ سیاحوں نے مری کا رخ کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 1st, February 2025 GMT
ملکہ کوہسار مری اور اطراف میں ہلکی برفباری کے بعد سیاحوں کی آمد شروع ہوگئی۔
مری کی انتظامیہ کے مطابق شہر میں 16 سہولت سینٹرز قائم کردئیے گئے ہیں۔ آج صبح سے دن 12 بجے تک 210 گاڑیاں مری گئیں اور 170 واپس نکلیں۔ کل اتوار کی چھٹی کے باعث شام تک مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔
دوسری جانب نتھیا گلی، ایوبیہ بڈھیار میں رات گئے سے برفباری جاری ہے۔ برفباری سے بجلی بند ہوگئی اور 5 انچ برفباری کے باعث تمام لنک روڈز بھی بند ہوگئیں۔ محکمہ جی ڈی اے نتھیا گلی مری روڈ سے برف صاف کرنے میں مصروف ہے۔ مری نتھیا گلی روڈ مکمل طور پر کھل نہیں سکی۔ گلیات کے سیاحتی مقام ڈونگا گلی، چھانگلہ گلی، میراجانی اورٹھنڈیانی میں بھی برفباری کا سلسلہ رات سے جاری ہے۔
برفباری سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ ضلعی حکومت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور برفباری والے علاقوں کا رخ کرنے والے ڈرائیورز کو محتاط ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نیلم آزاد کشمیر اور زیریں علاقوں میں تیز بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ بالائی وادی نیلم، تاوبٹ ، ہلمت ، سرگن، شہونٹر میں ایک سے 3 فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ برفباری سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرنے پر سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ ضلعی ہیڈکوارٹرز اٹھمقام میں درجہ حرارت ایک، کیل میں منفی 5 اور تاوبٹ ہلمت میں منفی 14 ڈگری سینیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
برفباری کے باعث شاردا سے تاوبٹ شاہرہ نیلم بند ہوگئی۔ سیاحتی مقامات رتی گلی، جاگراں بابون کو ملانے والی رابطہ سڑک بھی برفباری کی وجہ سے بند ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا سلسلہ آئندہ 12 گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: برفباری کا
پڑھیں:
محکمہ موسمیات کی بارش اور برف باری کی پیشِگوئی
— فائل فوٹومحکمہ موسمیات نے مغربی اور شمالی علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہونے والا ہے، مغربی اور شمالی علاقوں میں ہفتے اور اتوار کو گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور بونیر میں بارش و برفباری متوقع ہے۔
گلگت بلتستان کے علاقوں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت اور شگر میں بھی برفباری متوقع ہے جبکہ آزاد کشمیر کی نیلم ویلی، مظفرآباد، پونچھ، باغ اور حویلی میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 14 اور 15 دسمبر کو باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور وزیرستان میں موسم جزوی ابر آلود اور ہلکی بارش متوقع ہے۔
ادھر کوئٹہ، زیارت، ژوب، شیرانی، چمن، پشین، قلعہ عبداللّٰہ اور قلعہ سیف اللّٰہ میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور پوٹھوہار ریجن میں اتوار اور پیر کو ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔ مری اور گلیات میں ہلکی بارش یا ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ میدانی علاقوں میں 16 دسمبر تک شدید اور گھنی دھند چھائے رہنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے جبکہ برفباری سے ناران، کاغان، کالام، مالم جبہ، چترال، سوات، استور، ہنزہ، اسکردو، کوئٹہ اور زیارت میں سڑکیں بند ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ بارش اور برف باری سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ 19 دسمبر سے ایک اور مغربی سسٹم کے ملک پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔