پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس انسانی حقوق سے مشروط ہوگا، یورپی یونین
اشاعت کی تاریخ: 1st, February 2025 GMT
(متنازع پیکاقانون پرتحفظات کااظہار)اسلام آباد (صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) یورپی یونین نے کہا ہے کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس انسانی حقوق اور اصلاحاتی اقدامات سے مشروط ہوگا۔ یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائے انسانی حقوق اولوف سکوگ نے پاکستان کا ایک ہفتہ طویل دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت اعلیٰ حکومتی، عسکری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ انسانی حقوق کے لیے یورپی یونین کے خصوصی نمائندے اولوف اسکوگ نے بھی متنازع پیکا قانون پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اولوف اسکوگ کا کہنا ہے کہ ملک میں اظہار رائے کو محدود کرنے کے حالیہ حکومتی اقدامات پر انہوں نے آرمی چیف، چیف جسٹس اور وفاقی کابینہ کے ارکان سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے الگ الگ ملاقاتوں میں بات کی ہے۔ یورپی یونین کے اعلامیے کے مطابق نمائندہ خصوصی نے وفاقی و صوبائی وزرا، عسکری قیادت، اقوام متحدہ کے اداروں، انسانی حقوق کے کارکنان، وکلاء، سول سوسائٹی، میڈیا اور کاروباری شعبے کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کیا۔ نمائندہ خصوصی نے چیف جسٹس پاکستان سے بھی ملاقات کی، جس میں عدلیہ کی آزادی، عدالتی مقدمات کے بیک لاگ اور جوڈیشل اصلاحات پر گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے انسانی حقوق کے قومی کمیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے اس کی آزادی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جی ایس پی پلس مانیٹرنگ مشن کے تناظر میں، نمائندہ خصوصی نے پاکستان میں بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ نمائندہ خصوصی نے پاکستان میں انسانی حقوق کی بہتری اور یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں یورپی یونین کا کلیدی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کے تعلقات جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کی مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔ یورپی یونین نے جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کی ترقی کو سراہا، جس کے تحت 2014 سے پاکستانی برآمدات میں 108 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یورپی یونین کے اعلامیے میں کہا گیا کہ جی ایس پی پلس کے نئے ضوابط کے تحت پاکستان دوبارہ درخواست کی تیاری کر رہا ہے اور اس اسکیم کے فوائد کا انحصار انسانی حقوق اور دیگر اصلاحاتی اقدامات پر پیش رفت سے مشروط ہوگا۔ دورے کے دوران، نمائندہ خصوصی نے پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور اقلیتی امور کے وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے لاہور میں مسیحی برادری کے نمائندوں سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: یورپی یونین کے جی ایس پی پلس نے پاکستان انہوں نے سے بھی
پڑھیں:
بین المذاہب ہم آہنگی، واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ایسٹر کی خصوصی تقریب کا انعقاد
امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں ایسٹر کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے حکومتِ پاکستان کے عزم کی غمازی کرتے ہوئے پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن ڈی سی میں ایسٹر کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کا انعقاد بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے کام کرنے والی واشنگٹن ڈی سی کی معروف تنظیم آل نیبرز ایسوسی ایشن اور سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے کیا گیا۔
تقریب میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد، مذہبی رہنماؤں اور پاکستانی امریکن کمیونٹی خصوصاً مسیحی برادری کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کی نظامت کے فرائض فرسٹ سیکرٹری زیب عالم خان نے انجام دیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آل نیبرز ایسوسی ایشن الیاس مسیح نے ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شامل ہونے اور اس حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کرنے پر سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
صدر آل نیبرز ایسوسی ایشن اور دیگر مذہبی رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے حکومت ِ پاکستان اور ملکی قیادت کے اقدامات کو خصوصی طور پر سراہا۔
مقررین نے ایسٹر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے پیغاما ت میں بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور رواداری کے فروغ کے حوالے سے انفرادی اور اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان کے دوروں کے دوران اپنے مشاہدات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔ صدر آل نیبرز ایسوسی ایشن نے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے اوردونوں ملکوں کے عوام کے درمیان قریبی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے وہ اب تک مختلف وفود کو پاکستان گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے انہیں حکومت پاکستان اور سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت میسر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے وہ طلباء کا ایک وفد پاکستان لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
الیاس مسیح نے بتایا کہ اس حوالے سے معروف پاکستانی امریکی شخصیات کی جانب سے دورہ کرنے والے طلبا کے سفری اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف آف مشن بتول کاظم نے بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کا تنوع ہماری طاقت ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات کو بھی سراہا۔
بتول کاظم نے بین المذاہب ہم آہنگی اور دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے حوالے سے صدر آل نیبرز ایسوسی ایشن کے صدر اور ان کی ٹیم کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں شریک مختلف شرکاء نے ایسٹر جیسی تقریبات کے انعقاد اور مختلف مذاہب کے پیرووکاروں کو ایک چھت تلے جمع کرنے اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونے کے عمل کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔