قومی شاہراہ پر گاڑی سے کروڑوں روپے مالیت کی 36 کلو چرس برآمد
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
لاہور:
موٹروے پولیس نے قومی شاہراہ پر چیچہ وطنی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی 36 کلو چرس، اسلحہ اور گولیاں برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق معمول کی پٹرولنگ کے دوران پولیس نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم گاڑی سواروں نے گاڑی روکنے کی بجائے اسے بھگا دیا۔
موٹروے پولیس نے فوری طور پر تعاقب کر کے گاڑی کو روک لیا اور چیکنگ کے دوران گاڑی سے منشیات، غیر قانونی اسلحہ، 5 میگزین، 285 زندہ راؤنڈ، 5 پستول اور موبائل فون برآمد کر کے ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا۔
آئی جی موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ اور ڈی آئی جی سید فرید علی شاہ نے افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید مؤثر پٹرولنگ کے احکامات جاری کیے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: موٹروے پولیس
پڑھیں:
سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں اربوں ڈالر موٹروے منصوبوں کا آغاز رواں سال ہوگا
اسلام آباد:وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اعلان کیا ہے کہ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں اربوں ڈالر کے موٹروے منصوبے رواں سال شروع کیے جائیں گے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) سینٹرل زون کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سندھ میں M-6 اور M-9 موٹروے منصوبے، جن کی مجموعی مالیت 2 ارب ڈالر ہے رواں سال کے دوران شروع کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں مانسہرہ، ناران اور کاغان موٹروے پر بھی کام اسی سال شروع کرنے کا ارادہ ہے جبکہ بلوچستان میں کوئٹہ سے کراچی تک N-25 کو موٹروے طرز پر چار رویہ بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں سکھر، حیدرآباد اور کراچی موٹروے منصوبے کا بھی آغاز ہونے جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے این ایچ اے حکام کو لاہور سے قصور تک 18 کلومیٹر طویل لنک روڈ منصوبے کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی، اور اس بات پر زور دیا کہ ادارے کی پیشکشیں بامقصد اور معیاری ہونی چاہییں۔
انہوں نے سینٹرل زون کے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولت میسر ہو۔ انہوں نے کہا، "ہم سب عوام کو جوابدہ ہیں، لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے۔ این ایچ اے کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔"
عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نئی شاہراہوں کو نہ صرف فنکشنل بلکہ خوبصورت اور صاف ستھرا بھی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ این ایچ اے شہروں کے داخلی راستوں کو بھی دلکش بنانے پر توجہ دے۔
دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر نے این ایچ اے ہیڈکوارٹرز سینٹرل زون میں پودا لگایا اور وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کے ہمراہ ہیڈکوارٹر کی کارکردگی پر بریفنگ بھی لی۔
انہوں نے افسران کو تلقین کی کہ محنت اور ایمانداری سے کام کریں، اور یقین دہانی کروائی کہ دیانت دار افسران کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی این ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ رنگ روڈ اتھارٹی سے حل طلب امور پر مشترکہ اجلاس منعقد کریں تاکہ زیر التواء مسائل جلد حل کیے جا سکیں۔