سرینگر، انجینئر رشید کی رہائی کیلئے احتجاج کرنیوالے عوامی اتحاد پارٹی کے کارکن گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
پولیس نے انجینئر رشید کے بیٹے ابرار سمیت پارٹی کارکنوں کو حراست میں لیکر کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں قید عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور بھارتی رکن پارلیمنٹ انجینئررشید کی رہائی کیلئے سرینگر میں احتجاج اور بھوک ہڑتال کرنے والے متعدد پارٹی رہنمائوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عوامی اتحاد پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں نے لال چوک میں دھرنا دینے کی درخواست انتظامیہ کی طرف سے مسترد کئے جانے کے بعد سرینگر میں جمع ہو کر بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا۔ پولیس نے انجینئر رشید کے بیٹے ابرار سمیت پارٹی کارکنوں کو حراست میں لیکر کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ہے۔ اس موقع پر ابرار نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے والد کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کی اجازت نہ دینا جمہوریت کا قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد ساڑھے پانچ سال سے جیل میں قید ہیں۔ انجینئر رشید گزشتہ سال بھارتی پارلیمانی انتخابات میں بارہمولہ حلقہ سے لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پولیس نے
پڑھیں:
شیخ رشید کی بریت کی اپیل، پنجاب حکومت نے شواہد پیش کرنے کیلئے وقت مانگ لیا
جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیخ رشید کی بریت کی اپیل پر سپریم کورٹ کے جج جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت نے سابق وفاقی شیخ رشید کی بریت کی اپیل پر شواہد پیش کرنے کے لیے وقت مانگ لیا۔ جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیخ رشید کی بریت کی اپیل پر سپریم کورٹ کے جج جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
جسٹس صلاح الدین پہنور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی بینچ کا حصہ ہیں۔ دورانِ سماعت جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا ہے کہ التواء مانگنا ہو تو آئندہ اس عدالت میں نہ آنا، التواء صرف جج، وکیل یا ملزم کے انتقال پر ہی ملے گا۔ اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے کہا کہ کچھ ملزمان کے اعترافی بیانات پیش کرنا چاہتے ہیں۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ شیخ رشید کےخلاف کیا شواہد ہیں؟ شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ جن اعترافی بیانات کا حوالہ دے رہے ہیں وہ فائل کا حصہ ہیں۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ شیخ رشید بزرگ آدمی ہے، کہاں بھاگ کر جائیں گے۔ شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ حکومت مہلت خود مانگتی ہے، الزام عدالتوں اور ملزمان پر لگاتی ہے۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ اس عدالت میں صرف قانون کے مطابق ہی فیصلہ ہو گا، زمین گرے یا آسمان پھٹے، اس عدالت میں قانون سے ہٹ کر کچھ نہیں ہوگا، آئندہ ہفتے مقدمہ لگ جائے گا اس کی پرواہ نہ کریں۔