ایران! فلسطینی قوم کی مقاومت کی حمایت جاری رکھے گا، سید عباس عراقچی
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2025 GMT
حماس کے رہنماوں سے اپنی ایک ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، قبضے کے خاتمے اور اپنے جائز حقوق کے حصول کیلئے جاری فلسطینی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" اس وقت "دوحہ" میں موجود ہیں جہاں انہوں نے آج دوپہر کو فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کے سینئر رہنماوں سے ملاقات کی۔ ان میں حماس کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ "محمد اسماعیل درویش" بھی شامل ہیں۔ اس ملاقات میں غزہ کی پٹی کی تازہ ترین صورت حال، جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے جیسے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سید عباس عراقچی نے فلسطینی عوام اور مقاومت کے رہنماوں کو رہبر معظم انقلاب، ایرانی صدر، حکومت و عوام کا پُرتپاک سلام پہنچایا۔ انہوں نے غزہ کے عوام کی پائیدار و تاریخی استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی رژیم کی 16 ماہ سے جاری نسل کشی و جارحیت کے مقابلے میں فلسطینیوں کی بے مثال جدوجہد کے نتیجے میں استقامتی محاذ کی شرائط پر جنگ بندی ممکن ہوئی۔ انہوں نے ان تمام کامیابیوں پر فلسطینی مقاومتی رہنماوں کو مبارک باد پیش کی۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، قبضے کے خاتمے اور اپنے جائز حقوق کے حصول کے لئے جاری فلسطینی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ دوسری جانب حماس کے رہنماوں نے فلسطین کی حمایت کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ایرانی قیادت، حکومت و عوام کو گرمجوش سلام ارسال کیا۔ اس دوران انہوں نے جنگ بندی کے بعد غزہ و مغربی کنارے کی تازہ ترین سیاسی و زمینی صورت حال کی تفصیلات بیان کیں۔ حماس کے قائدین نے وحشیانہ قتل و غارت گری کے باوجود غزہ کی تاریخی فتح کو فلسطینی عوام کی ثابت قدمی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی سربراہی میں استقامتی محاذ کی حمایت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ فتح کے بعد فلسطین و خطے میں مقاومت کی صورت حال بہت بہتر ہے۔ اس ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ غزہ میں مشکل انسانی حالات پر قابو پانے اور جنگی تباہی کی تعمیر نو کے لیے عالمی برادری و اسلامی ممالک کو سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: اسلامی جمہوریہ ایران سید عباس عراقچی کی حمایت انہوں نے
پڑھیں:
فلسطین پر امت کوفیصلہ کن اقدامات کرنا ہونگے: ایاز صادق
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے استنبول میں فلسطین کی حمایت میں ہونے والے اجلاس میں فلسطین سمیت دیگر ممالک کے سپیکرز سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا اور امت مسلمہ کو اس معاملے پر فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے۔ ترکیے کے شہر استنبول میں فلسطین کی حمایت میں منعقدہ اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شریک ممالک کے سپیکرز، پریذائیڈنگ افسران سے اہم ملاقاتیں کیں اور فلسطین کی تشویش ناک صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم اْمہ کو فلسطین پر متحد ہو کر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے، فلسطینیوں پر ریاستی دہشت گردی دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے فلسطین کے سپیکر سے ملاقات کی اور فلسطینی عوام سے یک جہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینی ماؤں، بچوں اور بزرگوں کا درد محسوس کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام کے دل فلسطینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان کی پارلیمان اور عوام مشکل گھڑی میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان فلسطینی عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان کی پارلیمان نے فلسطینیوں کے حق میں متعدد قراردادیں منظور کیں ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔