امریکا: مسافر طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے تصادم کے بعد دریا میں گر کر تباہ، ہلاکتوں کا خدشہ
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2025 GMT
امریکا میں مسافر طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے تصادم کے بعد دریا میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا جہاں آرمی بلیک ہاک سے تصادم کے بعد طیارہ دریائے پوٹومیک میں گر کر تباہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک امریکن ایئرلائنز کے جیٹ طیارے میں 64 افراد سوار تھے، وفاقی حکام کے مطابق طیارہ بدھ کی شام آرمی کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا، حادثے کے بعد واشنگٹن ڈی سی کے رونالڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے اندر اور باہر پروازیں روک دی گئیں۔
حکام نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں عملے سمیت 3 افراد سوار تھے اور اس میں کوئی اعلیٰ فوجی اہلکار نہیں تھا، فوری طور پر عملے کی حالت کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔
کینساس سے تعلق رکھنے والے سینیٹر جیری موران نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ کینساس سے آنے والے طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے، میں حکام سے رابطے میں ہوں، میرے ساتھ طیارے میں سوار تمام لوگوں کے لئے دعا کریں۔
رپورٹ کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ حادثے کی تحقیقات کریں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ہیلی کاپٹر کے مطابق کے بعد
پڑھیں:
کراچی: تیز رفتار آئل ٹینکر موٹر سائیکل سوار کو روند دیا
کورنگی صنعتی ایریا گودام چورنگی کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر کے ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ابتدائی طور پر ٹینکر میں آتشزدگی کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پہنچی اور فائر برگیڈ کو بھی طلب کیا گیا جس پر فائر برگیڈ کی ایک گاڑی نے جائے وقوعہ پہنچ کر آگ پر قابو پایا جبکہ ٹینکر ڈرائیور نے پولیس کو جھوٹا بیان دیا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے۔تاہم، پولیس نے مزید تفتیش کی تو ٹینکر ڈرائیور نے اپنا بیان تبدیل کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق ٹینکر ڈرائیور نے بیان تبدیل کرتے ہوئے بتایا کہ ٹینکر سے موٹر سائیکل کو ٹکر لگی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص زخمی ہوا۔ جس کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگادی اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔
واقعے میں زخمی ہونے والے شہری 30 سالہ ریاض ولد بشیر کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کردیا جبکہ پولیس نے آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹینکر بھی تحویل میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق زخمی کا بیان قلمبند کرنے کے بعد قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔