عالمی امن خوشحالی کیلئے شراکت کرتے رہیں گے، شہباز شریف: چینی صدر کو سال نو پر مبارکباد
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2025 GMT
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +نوائے وقت نیوز) چین میں سال نو کے موقع پر صدر زرداری نے خط جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ویڈیو پیغام میں چینی صدر شی جن پنگ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے ترقی کے سفر میں پاکستان اور چین اہم شراکت دار ہیں، چین کے سال نو کے موقع پر ویڈیو پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر شی جن پنگ، چین کے برادر عوام اور پاکستان میں موجود ہمارے چینی دوستوں کو نئے سال کے پرمسرت موقع پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 6 دہائیوں کے دوران چین کا ترقی کا سفر چینی صدر شی جن پنگ کی دانشمندی اور دور اندیشی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا ایک لازوال رشتہ ہے جو بتدریج مضبوط تر ہو رہا ہے ، یہ آہنی بھائی چارہ بدستور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم مل کر عالمی امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کیلئے بامعنی شراکت کرتے رہیں گے ۔ جبکہ صدر آصف زرداری نے چینی سال نو / موسم بہار کے تہوار کے موقع پر صدر شی جن پنگ کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے خط میں پاکستان اور چین کے مابین ’’آہنی دوستی‘‘ مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے اور دوستی کے بندھن کو آگے بڑھانے کے لیے بیجنگ میں چینی صدر سے تبادلہ خیال کا منتظر ہوں۔ پاکستان ون چائنا پالیسی کی حمایت جاری رکھے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت انتھک کوششوں نے بین الریاستی تعلقات کے اس منفرد اور مثالی بندھن کو پروان چڑھایا اور مضبوط کیا۔آصف زرداری نے خط میں پاک چین تعلقات اور پاک چین اقتصادی راہداری کو آگے بڑھانے میں چینی صدر کی بصیرت انگیز قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین نے 2024 میں مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار اور مسلسل بڑھتی ہوئی دوستی کو سراہا۔صدر مملکت نے صدر شی جن پنگ کی صحت، چینی عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پاکستان اور چین چینی صدر سال نو چین کے
پڑھیں:
پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول ہے: وزیرِ اعظم شہباز شریف
وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹووزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے، پالیسی ریٹ ساڑھے 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آگیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ شاندارایونٹ میں آکر خوشی ہوئی، چین، افریقا، یورپ، امریکا اور دیگر ملکوں کے نمائندگان کو دیکھ کر خوشی ہوئی، ہمارے ان ملکوں کے ساتھ شاندار دوستانہ اور کاروباری تعلقات ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دنیا نے زراعت میں بہت ترقی کی اور آگے نکل گئی، ہم قوم کے قیمتی وقت کا ضیاع کرتے رہے، ہمارے پاس آف سیزن اجناس کی اسٹوریج کا خاطرخواہ انتظام نہیں ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ وزیرِ تجارت سمیت متعلقہ محکموں کو شاندار ایونٹ پر مبارکباد دیتا ہوں، معاشی طور پر مستحکم پاکستان ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انجینئرنگ، زراعت اور معدنیات میں بڑا پوٹینشل ہے، پاکستان میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، نوجوان خود کو جدید تکنیک اور پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں، بلوچستان اور خیبرپختون خوا سمیت اللّٰہ نے پاکستان کو قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ نمائش میں زرعی مشینری، قیمتی پتھر، ادویات اور دیگرشاندار اسٹالز ہیں، ہمیں جدت، تحقیق اور ترقی کی طرف جانا ہے۔