کراچی ایکسپوسینٹر میں پاکستان ٹریول مارٹ بین الاقوامی نمائش کی تیاریاں مکمل
اشاعت کی تاریخ: 29th, January 2025 GMT
کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) ایکسپو سینٹر کراچی میں پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) اور صوبائی سیاحتی اداروں کی حمایت سے ’’پاکستان ٹریول مارٹ 2025‘‘ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔
پاکستان ٹریول مارٹ (پی ٹی ایم) 2025 سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان کا سب سے بڑا اور واحد پلیٹ فارم ہے، یہ ایونٹ پاکستان میں مقامی طور پر اندرونی و بیرونی اور بین الاقوامی سطح پر سیاحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
پاکستان ٹریول مارٹ کا چوتھا ایڈیشن 31 جنوری سے 2 فروری 2025 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا، جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین، سرمایہ کار اور سیاحتی شعبے کے اہم ادارے شریک ہوں گے۔جس کے بعد 4 اور 5 فروری کو اسلام آباد میں ایک روڈ شو کا انعقاد کیا جائے گا۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن(پی آئی اے) پاکستان ٹریول مارٹ 2025 میں شرکت کرے گی۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر وائس مارشل عامر حیات نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن اس موقع پر اپنی خدمات کی نمائش کر رہی ہے،
صارفین سے اپیل ہے کہ وہ اس شاندار تقریب میں شرکت کریں اور ہماری خدمات کا مشاہدہ کریں اور جانیں کہ کس طرح سفری تجربات کو بلند کر رہے ہیں اور پاکستان کو دنیا سے منسلک کر رہے ہیں۔
کراچی ایکسپو سنٹر میں 31 جنوری سے شروع ہونے والی تین روزہ بین الاقوامی ایگزی بیشن ،پاکستان ٹریول مارٹ(PTM) کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔دو فروری تک جاری رہنے والی ٹورازم نمائش کیلئے درجنوں اسٹال بک ہوگئے ہیں۔
پاکستان ٹریول مارٹ میں ٹریول ٹریڈ، عمرہ اور حج ٹریڈ کے علاوہ ہوٹلز انڈسٹریز ٹورازم کے اسٹال لگیں گے۔ پی ٹی ایم کے موقع پر عمرہ،ٹریول ٹریڈ کمپنیوں کی طرف سے اپنے اپنے کلائنٹ کے لئے خصوصی رعایتی پیکیجز کا اعلان متوقع ہے۔
اس سے قبل 2017، 2018 اور 2019 میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہونے والے اس ایونٹ کو رواں سال مزید بڑے پیمانے پر منعقد کیا جا رہا ہے۔
سعودی عرب کی شرکت
پاکستان ٹریول مارٹ 2025 کا تھیم ’’سیاحت کے ذریعے ثقافتوں کو جوڑنا اور مقامی کمیونٹیز کو مضبوط بنانا‘‘ ہے، جو اس کی جدت، تعاون اور پائیدار ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس ایونٹ میں سعودی ٹورزم اتھارٹی اپنی سیاحتی ترقی کے منفرد تجربات پیش کرے گی۔ سعودی عرب کی شرکت نہ صرف پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا اظہار ہے بلکہ عالمی سیاحت میں ایک نئے دور کا آغاز بھی ہے۔
اس شراکت کے تحت، سعودی عرب پاکستان ٹریول مارٹ 2025 میں اپنا خصوصی پویلین پیش کرے گا، جہاں شرکا کو سعودی عرب کی سیاحتی صلاحیتوں کا ایک دل چسپ تجربہ فراہم کیا جائے گا۔ سعودی عرب کو پاکستان ٹریول مارٹ 2025 کا ٹائٹل پارٹنر کے طور پر اعلان کیا گیا ہے۔ یہ شراکت سعودی عرب کے عالمی سیاحتی اثر و رسوخ کو اجاگر کرتی ہے اور سرحدوں کے پار معیاری تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتی ہے۔
سعودی عرب نے سیاحت کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے اور سفری سہولیات کے مستقبل کی تشکیل میں ایک رہنما کی حیثیت حاصل کر لی ہے۔ وژن 2030 کے تحت، سعودی عرب نے ہمیشہ پائیداری، ثقافتی ورثے کے تحفظ، اور بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو ترجیح دی ہے، جس سے عالمی سطح پر سیاحت کی ترقی کے لیے ایک منفرد نمونہ پیش کیا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی ہال
پاکستان ٹریول مارٹ 2025 میں پہلی بار ایک خصوصی ٹیکنالوجی ہال پیش کیا جائے گا، جہاں ٹیکنالوجی اور سیاحت کے باہم اشتراک سے سیاحوں کے لیے مزید آسان اور جدید تجربات متعارف کروائے جائیں گے۔ ان اقدامات میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) اور پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کی معاونت شامل ہے۔
ٹیک ڈسٹرکٹ کے ذریعے سیاحت اور سفر کے شعبے میں کام کرنے والی ٹیکنالوجی کمپنیاں، نئے پلیٹ فارمز، اور اسٹارٹ اپس کو نمایاں کیا جائے گا۔ یہ اقدام سیاحت سے وابستہ نہ صرف جدید حل پیش کرے گا بلکہ سیاحت کے شعبے میں مستقبل کی ترقی کے لیے تعاون اور شفافیت کو بھی فروغ دے گا۔
طبی سیاحت
اس سال پاکستان ٹریول مارٹ میں طبی سیاحت کے شعبے میں ایک نیا اور اہم قدم اٹھایا جا رہا ہے، معروف اسپتالوں کے ساتھ شراکت کے ذریعے، پی ٹی ایم نے پاکستان کو طبی سیاحت کا مرکز بنانے کا ارادہ کیا ہے، اس منصوبے کے تحت صحت سے متعلق سہولتوں کو سیاحتی کمپنیوں کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ یہ نیا تصور پاکستان میں نہ صرف سیاحت کی صنعت کو ترقی دے گا بلکہ بین الاقوامی تعاون کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔
لرننگ اینکلیو
پاکستان ٹریول مارٹ 2025 میں لرننگ اینکلیو کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جو ایک ایسا پلیٹ فارم ہوگا جہاں مقامی اور بین الاقوامی ماہرین سیاحت، سفر، اور مہمان نوازی کے شعبے میں اپنی معلومات اور تجربات شیئر کریں گے۔ دل چسپ گفتگو، پینل مباحثے، کیس اسٹڈیز، اور عملی مظاہروں کے ذریعے، یہ لرننگ اینکلیو روایتی تعلیمی ماحول کو تبدیل کرکے ایک متحرک اور انٹرایکٹو جگہ بنائے گا، جس کا مقصد شرکا کی دل چسپی بڑھانا اور علم کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان ٹریول مارٹ 2025 میں اسسٹین ایبل ڈیسٹینیشنز فورم کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پائیداری، ثقافتی ورثے کا تحفظ، اور قدرتی وسائل کی حفاظت کو فروغ دینا ہے۔ پینل مباحثوں اور معلومات کے تبادلے کے سیشنز کے ذریعے، یہ فورم پائیدار سیاحت کے عالمی کامیاب طریقوں کو پیش کرے گا، جس سے پاکستان کو ان تجربات سے سیکھنے اور ان پر عمل درآمد کرنے کا قیمتی موقع ملے گا۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: بین الاقوامی کے شعبے میں کیا جائے گا جا رہا ہے سیاحت کے کے ذریعے کو فروغ میں ایک ترقی کے پیش کرے کرے گا کے لیے کیا جا
پڑھیں:
بوسٹن میراتھون، تمام 18 پاکستانی رنرز نے دوڑ مکمل کی
پاکستانی رنرز نے دنیا کی سب سے قدیم اور معزز بوسٹن میراتھون میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تمام 18 نے اپنی دوڑ مکمل کی جس میں سے 13 نے چار گھنٹے سے کم وقت میں میراتھون کو مکمل کیا۔
کراچی کے نوجوان رنر امین مکاتی نے مشکل ترین کورس پر 2 گھنٹے 48 منٹ کے شاندار وقت کے ساتھ ایونٹ میں تیز ترین پاکستانی رنر ہونے کا اعزاز حاصل کیا، کراچی ہی سے تعلق رکھنے والی عبدالرحمٰن نے بھی 2 گھنٹے 51 منٹ میں دوڑ مکمل کر کے پاکستان کا نام روشن کیا۔
میراتھون کے بعد سوشل میڈیا پوسٹ میں امین مکاتی نے کہا کہ ہارٹ بریک پل کی دشواریاں بھی ان کے حوصلے پست نہ کرسکیں، عبدالرحمٰن نے بوسٹن میراتھون کو اپنی زندگی کی بہترین ریس قرار دیا۔
پاکستانی خواتین میں سارہ لودھی نے 3 گھنٹے 24 منٹ میں دوڑ مکمل کر کے سب کو حیرت میں ڈال دیا، انہوں نے کہا کہ “میں چاہتی ہوں کہ میری بیٹیاں دیکھیں کہ خواتین کے لیے کوئی خواب ناممکن نہیں۔”
اس سال بوسٹن میراتھون میں پاکستان کیلئے سب سے قابل فخر پہلو چھ پاکستانی رنرز کا “سکس اسٹار فئنشر” کا اعزاز حاصل کرنا تھا۔ دانش الہٰی، عدنان گاندھی، حرا دیوان، جمال خان، یسریٰ بخاری اور نزار نایانی نے دنیا کی چھ بڑی میراتھنز مکمل کر کے پاکستان کا جھنڈا بلند کیا اور سکس اسٹار فںشر ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ۔
امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر سلمان خان نے پانچویں مرتبہ بوسٹن میراتھون مکمل کی وہ پہلے ہی سکس اسٹار فںشر کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر سلمان نے کہا کہ بین الاقوامی میراتھون مقابلوں میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی تعداد دیکھنا قابل فخر لمحہ ہے۔
بوسٹن میراتھون میں مجموعی طور پر 18 پاکستانی رنرز نے حصہ لیا، جن میں سے 13 نے چار گھنٹے سے کم وقت میں میراتھون مکمل کی۔ یہ کارکردگی پاکستانی کھیلوں کے مستقبل کے لیے مثبت علامت ہے۔
1897 سے جاری اس تاریخی مقابلے میں پاکستانیوں کی یہ شاندار شرکت ثابت کرتی ہے کہ ہمارے رنرز کسی سے کم نہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت اور نجی ادارے اس صلاحیت کو نکھارنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
Post Views: 1