معدنیات، توانائی اور ریئل اسٹیٹ میں اربوں ڈالر لگانا چاہتے ہیں، امریکی سرمایہ کاری
اشاعت کی تاریخ: 29th, January 2025 GMT
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جینٹری بیچ نے کہا کہ میں یہاں مذاکرات کیلئے نہیں کاروبار کیلئے آیا ہوں، میرا حکومت کی معاشی سفارتکاری سے کوئی تعلق نہیں۔ اسلام ٹائمز۔ امریکی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیچ کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کے پاس اپنا گھر ہو، ایسی تعمیراتی ٹیکنالوجی یہاں لانا چاہتے ہیں جس سے ایک ماہ میں 30 منزلہ عمارت بن جاتی ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جینٹری بیچ نے کہا کہ میں یہاں مذاکرات کیلئے نہیں کاروبار کیلئے آیا ہوں، میرا حکومت کی معاشی سفارتکاری سے کوئی تعلق نہیں، ہم پاکستان میں معدنیات، توانائی اور ریئل اسٹیٹ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ جینٹری بیچ نے کہا کہ گزشتہ 4 سال جو کچھ بائیڈن انتظامیہ نے پاکستان سے کیا وہ مناسب نہیں تھا، رچرڈ گرینیل ایک زبردست امریکی ہیں انہوں نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ میرا خیال ہے کہ رچرڈ گرینل کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے گمراہ کیا گیا ہے، رچرڈ گرینیل نے جو بات کی وہ پاکستان کے بارے میں اپنی انڈراسٹینڈنگ کے مطابق کہی ہے۔
امریکی سرمایہ کار نے کہا کہ میں پاکستان کو امریکا کے ایک اتحادی کے طور پر دیکھتا ہوں، آئل اینڈ گیس سیکٹر پر بھی پاکستان میں اب تک کم توجہ دی گئی ہے، صدر ٹرمپ بھی ایک بزنس مین ہیں، امریکا اور پاکستان کی موجودہ قیادت کا مائنڈسیٹ ایک جیسا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، صدر ٹرمپ کی سربراہی میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستان سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ جینٹری بیچ نے کہا کہ دنیا میں امن اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، امریکا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے، پاکستان کی موجودہ قیادت نئی امریکی قیادت کے ساتھ ہم آہنگ ہے، امریکی سرمایہ کاروں کا وفد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان آیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانیں دیں، امریکا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتا ہے، امریکا پاکستان کو ایک اہم اتحادی کے طور پر دیکھتا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: امریکی سرمایہ سرمایہ کاری پاکستان میں کی سرمایہ سرمایہ کا چاہتے ہیں
پڑھیں:
سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں اربوں ڈالر موٹروے منصوبوں کا آغاز رواں سال ہوگا
اسلام آباد:وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اعلان کیا ہے کہ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں اربوں ڈالر کے موٹروے منصوبے رواں سال شروع کیے جائیں گے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) سینٹرل زون کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سندھ میں M-6 اور M-9 موٹروے منصوبے، جن کی مجموعی مالیت 2 ارب ڈالر ہے رواں سال کے دوران شروع کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں مانسہرہ، ناران اور کاغان موٹروے پر بھی کام اسی سال شروع کرنے کا ارادہ ہے جبکہ بلوچستان میں کوئٹہ سے کراچی تک N-25 کو موٹروے طرز پر چار رویہ بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں سکھر، حیدرآباد اور کراچی موٹروے منصوبے کا بھی آغاز ہونے جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے این ایچ اے حکام کو لاہور سے قصور تک 18 کلومیٹر طویل لنک روڈ منصوبے کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی، اور اس بات پر زور دیا کہ ادارے کی پیشکشیں بامقصد اور معیاری ہونی چاہییں۔
انہوں نے سینٹرل زون کے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولت میسر ہو۔ انہوں نے کہا، "ہم سب عوام کو جوابدہ ہیں، لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے۔ این ایچ اے کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔"
عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نئی شاہراہوں کو نہ صرف فنکشنل بلکہ خوبصورت اور صاف ستھرا بھی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ این ایچ اے شہروں کے داخلی راستوں کو بھی دلکش بنانے پر توجہ دے۔
دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر نے این ایچ اے ہیڈکوارٹرز سینٹرل زون میں پودا لگایا اور وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کے ہمراہ ہیڈکوارٹر کی کارکردگی پر بریفنگ بھی لی۔
انہوں نے افسران کو تلقین کی کہ محنت اور ایمانداری سے کام کریں، اور یقین دہانی کروائی کہ دیانت دار افسران کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی این ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ رنگ روڈ اتھارٹی سے حل طلب امور پر مشترکہ اجلاس منعقد کریں تاکہ زیر التواء مسائل جلد حل کیے جا سکیں۔