نوجوان کی محبت میں کراچی آکر پھنسی امریکی خاتون کی دلچسپ ویڈیو سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 29th, January 2025 GMT
کراچی:
پاکستانی نوجوان کی محبت میں امریکا سے کراچی آنے والی خاتون کی ایئرپورٹ پر بننے والی دلچسپ ویڈیو سامنے آ گئی۔
نیو یارک سے اپنے شوہر سے علیحدہ اور 2 بچوں کو کراچی کے نوجوان کی خاطر چھوڑ کر پاکستان آنے والی خاتون گزشتہ روز سے میڈیا کی شہ سرخیوں میں ہے۔ کراچی کے لڑکے کی جانب سے والدین کی عدم رضابندی کی بنیاد پر شادی سے انکار کے بعد خاتون ویزا میعاد ختم ہونے کے بعد کراچی ایئرپورٹ پریشان رہ رہی تھی۔
اسی دوران گورنر سندھ کراچی ایئرپورٹ پر تھے تو انہوں نے پریشان خاتون کے لیے ویزے اور ٹکٹ کا بندوبست کروایا، جس کے بعد آج بدھ کی صبح خاتون کی امریکا واپسی روانگی تھی۔
حکام کے مطابق خاتون نے واپس جانے سے انکار کرتے ہوئے ایئرپورٹ پر ہنگامہ آرائی بھی کی جب کہ حکام کی جانب سے امریکی قونصل خانے سے بھی رابطہ کیا گیا، جہاں سے امریکی حکام ایئرپورٹ پر مذاکرات کے لیے پہنچے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کو زبردستی طیارے پر سوار کروا کر بھیجنا خلاف قانون ہوگا، لہٰذا کوشش ہے کہ اسے رضامند کرکے واپس بھیجا جائے۔
اس دوران امریکی خاتون کی ایک نئی ویڈیو منظر عام پر آگئی ، جس میں وہ خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہی ہے۔ کراچی ائیرپورٹ کے لاؤنج میں داخل ہوکر امریکی خاتون نے فرداً فرداً ڈیوٹی پر موجود اہل کاروں کو السلام علیکم کہا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکی خاتون خوشگوار موڈ میں اے ایس ایف اور خلیجی ملک کی ائیر لائن کے عملے سے ہنسی مذاق کررہی ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: امریکی خاتون ایئرپورٹ پر خاتون کی
پڑھیں:
خلع لینے والی خاتون بھی حق مہر کی مستحق قرار
لاہور ہائیکورٹ نے خلع لینے والی خاتون کو بھی حق مہر کا مستحق قرار دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ محض خلع لینے کی بنیاد پر خاتون کو حق مہر کی رقم سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت نے قرار دیا کہ حق مہر کی رقم کو خاتون کے لیے ایک سیکیورٹی تصور کیا جاتا ہے، اگر خاوند کا رویہ خاتون کو خلع لینے پر مجبور کرے تو وہ حق مہر لینے کی مکمل حقدار ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری آصف محمود کی درخواست پر فیصلہ سنادیا، جس میں خلع کی بنیاد پر حق مہر اور جہیز کی رقم دینے کی ڈگری کو چیلنج کیا گیا تھا۔
عدالت نے قرار دیا ہے کہ بیٹی کو جہیز دینا ہمارے معاشرے میں سرایت کر چکا ہے اور والدین جتنی بھی استطاعت رکھتے ہوں وہ بیٹی کو جہیز لازمی دیتے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ طلاق دینا بنیادی طور پر شوہر کا حق ہوتا ہے اور طلاق کی صورت میں شوہر حق مہر، تحائف کی واپسی کا تقاضا کرنے کے حق سے محروم ہوجاتا ہے۔
عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ طلاق دینے کی صورت میں سورۃ النساء میں بھی شوہر کو بیوی سے دیے گئے مال اور تحائف واپس مانگنے سے روکا گیا ہے۔
عدالت عالیہ نے قرار دیا کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے تحت خاوند کے تشدد، برے رویے وغیرہ کی بنیاد پر لیے گئے خلع کے بعد عدالت حق مہر کی رقم واپس نہ کرنے کا حکم دے سکتی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ محض خلع لینے کی بنیاد پر خاتون کو حق مہر کی رقم سے محروم نہیں کیا جاسکتا، حق مہر کی رقم خاتون کےلیے سیکیورٹی تصور کی جاتی ہے۔ اگر خاوند کا رویہ خاتون کو خلع لینے پر مجبور کرے تو وہ حق مہر لینے کی مکمل حقدار ہے۔