کائنات کی ہر چیز پر رحمت محمدی ؐ محیط ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
بانی تحریک منہاج القرآن کا شب معراج کی مناسبت سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ شب معراج کے اخلاقی و روحانی اسباق اسلام کی تعلیمات کی روح ہیں، شبِ معراج گناہوں سے تائب اور اللہ کو راضی کرنے کی غنیمت گھڑی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ شبِ معراج کے اخلاقی و روحانی اسباق اسلام کی تعلیمات کی روح ہیں۔ نمازِ پنجگانہ کی عبادت شب معراج کا تحفہ ہے۔ شب معراج گناہوں سے تائب اور اللہ کو راضی کرنے کے حوالے سے غنیمت گھڑی ہے۔ اس رات کی جانے والی عبادت اور دعائیں رائیگاں نہیں جاتیں۔ انہوں نے کہا کہ سفرِ معراج حضور نبی اکرم ؐ کی تکریم و فضیلت کی ایک جھلک ہے۔ آپؐ نے جو بھی فرمایا قدرتِ حق نے پہلے اُس کا مشاہدہ کروایا، اسی لئے قرآن مجید میں اللہ رب العزت نے فرما یاکہ وہ (حضور نبی اکرمؐ)خواہش نفس سے کلام نہیں کرتے۔ شیخ الاسلام نے کہا کہ یہ کائنات عجائبات، تغیرات اور انکشافات کی آماجگاہ ہے۔ انبیائے محتشم کے دست حق پرست پر قدرت خداوندی سے رونما ہونے والے ماورائے عقل و فہم واقعات کو معجزہ کہتے ہیں جو واقعہ عقل کی میزان پر پورا اترجائے تو وہ معجزہ کی تعریف سے باہر نکل جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر شب معراج کا سفر خواب ہوتا تو کفار مکہ کو اس دعویٰ پر کیا اعتراض ہو سکتا تھا، انہیں اعتراض تھا تو اس آسمانی جسمانی سفر سے۔ انہوں نے کہا کہ سائنس کائنات کے سربستہ رازوں سے پردے اٹھارہی ہے مگر سائنس فی الحال معجزانہ حقائق کی مادی توجیہات پیش کرنے سے عاجز ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ معراج کی تفصیلات ہزار ہا کتب حدیث میں مرقوم ہیں، ان کا احاطہ کرنا ہر کس و ناکس کی بساط سے باہر ہے اس کے لئے پورے ذخیرہ احادیث کا کنگھالنا ناگزیر ہے۔ اگر کوئی مطالعہ ناتمام کے باعث کوئی ذاتی رائے قائم کرتا ہے تو اسے حق قرار دے کر قبول کرنے پر دوسروں کو مجبور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ معراج کم و بیش 28صحابہ و صحابیات رضوان اللہ علیہم اجمعین نے روایت فرمایا، بعض کے نزدیک یہ تعداد 34 ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت ہمیں شب معراج کے فیوض و برکات سے بہرہ مند فرمائے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
اسلام آباد، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی تنظیمی و تربیتی بقیة اللہ کنونشن کے دوسرے روز کا آغاز
کنونشن کے دوسرے روز بقیہ صوبوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے گی اور مسئلہ فلسطین و پاراچنار کے حوالے سے خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا ہے جس سے مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین اور بزرگ عالم دین علامہ غلام حر شبیری خطاب کریں گے، کنونشن میں تمام صوبوں اور اضلاع کی بڑی تعداد م میں نمائندگی موجود ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا مرکزی تنظیمی و تربیتی بقیة اللہ کنونشن امام بارگاہ الصادق میں جاری ہے، کنونشن کے پہلے روز قومی عزاداری کانفرنس منعقد ہوئی، جس سے معروف عالم دین علامہ سید علی رضا رضوی نے خطاب کیا جبکہ معروف نوحہ خواں سید شادمان رضا نے نوحہ خوانی کی۔ رات کی نشست میں مرکزی اور صوبائی کارکردگی رپورٹس پیش کی گئیں اور حسن کارکردگی کے حامل صوبوں اور اضلاع کے نمائندگان کو تعریفی شیلڈز دی گئیں، کنونشن کے دوسرے روز بقیہ صوبوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے گی اور مسئلہ فلسطین و پاراچنار کے حوالے سے خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا ہے جس سے مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین اور بزرگ عالم دین علامہ غلام حر شبیری خطاب کریں گے۔ کنونشن میں تمام صوبوں اور اضلاع کی بڑی تعداد م میں نمائندگی موجود ہے۔