معراج امت کی رہنمائی اور آگاہی کا موثر ترین ذریعہ ہے، علامہ ظہیر کربلائی
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
انٹرنیشنل معراج النبی(ص) کانفرنس سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے رہنما کا کہنا تھا کہ معراج پر نبی کریم (ص) غیبت کرنیوالوں کا کیا حال دیکھا؟ حقوق الناس کی رعایت نہ کرنیوالوں کیساتھ کیا بیت رہی تھی، تارک صلوات، ماں باپ کے نافرمان لوگوں کے عذاب کے بارے بھی رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تفصیل سے بیان کیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما علامہ ظہیر کربلائی نے ادارہ منہاج القرآن کے زیراہتمام انٹرنیشنل معراج النبی کانفرنس(ص) سے خطاب کرتے ہوئے معراج کو امت کی رہنمائی اور آگاہی کا موثر ترین ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واقعہ معراج تین پہلو بیان کیے، ایک پہلو مسجدالحرام سے مسجد اقصی، دوسرا پہلو مسجد اقصی سے بیت المامور اور تیسرا پہلو بیت المامور سے سدرہ المنتہی پر روشنی ڈالی۔ علامہ ظہیر کربلائی نے پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ان مشاہدات کو بیان کیا، جن میں انسانوں کی حالت زار کو تمثیل کیساتھ بیان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معراج پر نبی کریم (ص) غیبت کرنیوالوں کا کیا حال دیکھا؟ حقوق الناس کی رعایت نہ کرنیوالوں کیساتھ کیا بیت رہی تھی، تارک صلوات، ماں باپ کے نافرمان لوگوں کے عذاب کے بارے بھی رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تفصیل سے بیان کیا ہے۔
علامہ ظہیر کربلائی نے اپنے خطاب میں غزہ اور پاراچنار کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کو عبرتناک شکست ہوئی، وہ اسرائیل جو امریکہ کی مدد سے اپنے طاقت کے زعم میں مبتلا تھا، حماس کے جوانوں نے اس کا یہ زعم خاک میں ملا دیا۔ انہوں ںے کہا کہ فلسطین کے معاملے میں عرب حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک اور قابل مذمت رہی، اور اس سانحہ نے حقیقی مسلم اور جعلی مسلمان کی حقیقت آشکار کردی۔ علامہ ظہیر کربلائی نے پارا چنار کے حوالے سے کہا کہ یہ شیعہ سنی کا مسئلہ نہیں، بلکہ ایک منظم سازش ہے، جس کا ادراک ہمارے حکمرانوں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا جرگے کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور پارا چنار کے راستوں کو عام عوام کیلئے کھولا جائے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: علامہ ظہیر کربلائی نے انہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
اہل فلسطین سے اظہارِ یکجہتی، اسلامی جمعیت طلبہ کا خیبر پختونخوا میں یوم سیاہ
صوبائی ناظم اسفندیار عزت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا غزہ میں اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے، عالم اسلام کے حکمران نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی اور امریکی سرپرستی میں اسرائیلی جارحیت روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسلام ٹائمز۔ اہل فلسطین سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کیخلاف اسلامی جمعیت طلبہ نے ملک بھر کیطرح خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات اور کالجز میں یوم سیاہ منایا۔ جامعہ عبدالولی خان سمیت باچا خان، ملاکنڈ، کوہاٹ، سوات، گومل، شہید بینظیر بھٹو شرینگل، ایبٹ آباد، ہری پور، ہزارہ اور چترال یونیورسٹیوں میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں یکجہتی فلسطین ریلی سے صوبائی ناظم اسفندیار عزت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا غزہ میں اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے، عالم اسلام کے حکمران نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی اور امریکی سرپرستی میں اسرائیلی جارحیت روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اہل غزہ اور فلسطین نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملادیا۔57 اسلامی ممالک کی فوجیں جنہوں نے قبلہ اول کا تحفظ کرنا تھا آج وہ خاموشی کی تصویر بنے ہوئی ہیں، اس موقع پر ناظم کوہاٹ کلیم اللہ اور ناظم یونیورسٹی آفتاب احمد بھی موجود تھے۔
جامعہ ملاکنڈ میں یکجہتی فلسطین ریلی سٹار پوائنٹ سے شروع ہوکر مین اکیڈمک بلاک پر اختتام پزیر ہوئی، ریلی کی قیادت ناظم جامعہ معاز خان نے کی۔ سوات یونیورسٹی میں ریلی سے ناظم ڈویژن حمزہ رشید اور ناظم زون ضیاء شاہد نے خطاب کیا۔ جامعہ ایبٹ آباد کے تحت "غزہ مارچ" سے ناظم ہری پور یحییٰ حنیف نے خطاب کیا۔جامعہ عبدالولی خان مردان میں ریلی سے ناظم مردان فاروق محمد نے خطاب کیا۔ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اہل غزہ سے اظہارِ یکجتی کے لیے جہانزیب کالج سے نشاط چوک تک سٹوڈنٹس مارچ کا انعقاد کیا گیا۔سٹوڈنٹس مارچ سے امیر جماعت اسلامی شمالی عنایت اللہ خان اور ناظم مینگورہ ضیاء اللہ نظام نے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی شمالی عنایت اللہ خان، نائب امیر جماعت اسلامی سوات اختر علی خانجی، حافظ اسرار احمد، ضیاءاللہ نظام اور دیگر مقررین نے کہا کہ آج مٹھی بھر اسرائیل نے ساٹھ ہزار سے زائد نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کو شہید کرکے بربریت کی انتہا کردی ہے لیکن امت مسلمہ کے حکمرانوں نے ان مظالم پر چشم پوشی اختیار کرکے بے حسی کی انتہاء کردی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر امت مسلمہ کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کا دوٹوک جواب دیں اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ اسرائیل کو عالمی دہشت گرد امریکہ کی پشت پناہی حاصل ہے لیکن ڈیڑھ ارب مسلمان صرف تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ جامعہ ہزارہ کے زیر اہتمام یکجہتی فلسطین ریلی سے ناظم ڈویژن عمیر علی، ناظم جامعہ حافظ اسامہ اور سابق ناظم الیاس جبار نے بھی خطاب کیا۔ چترال یونیورسٹی میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی سے جنرل سیکرٹری بزم شاہین خیبر پختونخوا مستظہر بااللہ، ناظم چترال عمار بن اسد اور ناظم چترال حسین امین نے بھی خطاب کیا۔ اسلامی جمعیت طلبہ شرینگل یونیورسٹی کے زیر اہتمام غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ علاوہ ازیں رہائشی حلقوں واڑی، تیمرگرہ، دیر میں بھی یکجہتی فلسطین مظاہرے ہوئے۔ مظاہروں اور ریلیوں میں سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ طلبہ نے تعلیمی اداروں میں کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر اہل فلسطین اور غزہ کے حق میں نعرے درج تھے۔