پالیسی کے مطابق ایکریڈیشن کارڈ جاری کریں گے، ارشاد چانڈیو
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات ارشاد علی چانڈیو نے کہا ہے کہ صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ محکمے کی جانب سے پالیسی کے مطابق جاری کیے جائیں گے، ایکریڈیشن کارڈ ایسے صحافیوں کو جاری نہیں کیے جائیں گے جو سرکاری ملازم ہیں، صحافیوں کو اس حوالے سے حلف نامہ بھی متعلقہ دفتر میں جمع کرانا ہو گا۔ یہ بات انہوں نے حیدرآباد کے تمام اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کے ساتھ ایکریڈیشن کارڈز اور محکمہ اطلاعات سے متعلق دیگر مسائل کے حوالے سے اپنے دفتر شہباز بلڈنگ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کسی بھی میڈیا آرگنائزیشن کے ایک نمائندہ ڈسٹرکٹ رپورٹر کو ہی ایکریڈیشن کارڈ جاری کیا جائے، جو بھی صحافی اپنی تنظیم تبدیل کرتا ہے یا پھر کسی اور ادارے سے منسلک ہو تو اسے اپنے میڈیا آرگنائزیشن میں تقرری کا حکم نامہ جمع کروانا ہوگا، ایکریڈیشن کارڈ کا ریکارڈ اپ ڈیٹ ہو جائے گا اور اس میں شفافیت بھی آئے گی۔ اجلاس میں ضلعی افسران کی جانب سے پبلسٹی کی ماہانہ فریکوئنسی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر صحافیوں کی مالی معاونت، تشہیر اور اطلاعات سے متعلق دیگر اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسران کو ایکریڈیٹیشن فارم دینے اور وصول کرنے کے احکامات دیے گئے جبکہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اپریل ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
خیبرپختونخوا حکومت کا انقلابی اقدام، ٹرانسپلانٹ اور امپلانٹ سروسز صحت کارڈ میں شامل
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق صحت کے شعبے میں ایک اور انقلابی قدم اٹھا لیا ہے، اور اب ٹرانسپلانٹ اور امپلانٹ سروسز مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ گردے، جگر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے تمام اخراجات صحت کارڈ کے تحت حکومت برداشت کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ کوکلیئر امپلانٹ کے مہنگے علاج کا خرچ بھی حکومت خود اٹھائے گی۔
مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کو بھی جلد صحت کارڈ پروگرام میں شامل کیا جائے گا اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔بیرسٹر سیف نے بتایا کہ علاج، تحقیق اور صنعتی مقاصد کے لیے کینابیس (بھنگ) پلانٹ کے استعمال سے متعلق قواعد و ضوابط کی منظوری بھی دی گئی ہے، جو کہ طب و صنعت کے میدان میں جدت کا دروازہ کھول سکتی ہے۔
Post Views: 4