آسٹریلین اوپن، جینک سینر اعزاز کے دفاع میں سرخرو
اشاعت کی تاریخ: 27th, January 2025 GMT
کراچی:
جینک سینر نے آسٹریلین اوپن میں اعزاز کا دفاع کرلیا، اطالوی ٹینس اسٹار نے اس بار فائنل میں جرمن حریف الیگزینڈر زویریف کو قابو کرلیا۔
زویریف تیسری بار گرینڈ سلم فائنل میں ناکام ہوگئے اور وہ اس بدقسمتی کا شکار ہونے والے دنیا کے ساتویں پلیئر بنے۔
تفصیلات کے مطابق سیزن کے ابتدائی گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں مینز سنگلز ٹرافی دفاعی چیمپیئن جینک سینر نے جیت لی، سینر نے گزشتہ 5 میں سے 3 گرینڈ سلم ٹرافیز قبضے میں کیں اور یہ تمام فتوحات انھیں ہارڈ کورٹس پر ملی ہیں۔
ٹاپ سیڈ اطالوی پلیئر نے فیصلہ کن معرکے میں ابتدائی سیٹ 3-6 سے اپنے نام کیا جبکہ دوسرے سیٹ کا فیصلہ ٹائی بریکر پر 6-7 (7/4) سے ان کے حق میں ہی رہا، تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں 3-6 سے ملنے والی کامیابی نے انھیں ایک بار میلبورن پارک ایونٹ کی ٹرافی کا حقدار بنوا دیا، یہ ان کے کیریئر کی تیسری گرینڈ سلم ٹرافی رہی۔
ایونٹ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں سینر نے کہا کہ یہ ایونٹ میرے لیے حیران کن رہا، مجھے امید ہے کہ میں اس جیت کا سلسلہ سیزن کے دیگر ایونٹس میں بھی قائم رکھ پاؤں گا، وہ 3 گرینڈسلم جیتنے والے پہلے اطالوی پلیئر بھی بنے۔
دوسری جانب 27 سالہ جرمن پلیئر الیگزینڈر زویریف اوپن ایرا دور میں ساتویں پلیئر بنے، جسے کیریئر کے ابتدائی تینوں گرینڈ سلم میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، وہ اس سے قبل 2020 کے یو ایس اوپن اور 2024 کے فرنچ اوپن میں ٹرافی کے اتنے قریب جاکر بھی مایوس رہے تھے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ مجھے امید تھی کہ فائنل میں زیادہ مسابقت ہوگی لیکن جینک نے بہت اچھا کھیل پیش کیا اور فتح اس کے نام رہی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
شاداب خان اعظم خان کے دفاع میں سامنے آگئے
کراچی:اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اپنی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کے دفاع میں سامنے آگئے۔
اتوار کو کراچی کنگز کے خلاف چھ وکٹوں سے فتح کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی فٹنس پر اٹھنے والے سوالات کا بھرپور دفاع کیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں شاداب خان نے کہا کہ اعظم خان کی کارکردگی ٹیم کے لیے بہت اہم ہے اور فٹنس سے زیادہ ان کا کھیل اہمیت رکھتا ہے۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ "اعظم کی فٹنس پر سوال نہیں اٹھنا چاہیے، ہم ان کے لیے کور کر لیتے ہیں اور وہ ہمیشہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے پرفارم کرتے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے کھیلنے والے اعظم خان نے کراچی کنگز کیخلاف میچ میں 30 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اپنا حصہ ڈالا تھا۔