مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیل کی موجودگی غیر قانونی ہے‘ یو این عہدیدار
فلسطین میں انسانی حقوق کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندے فرانسسکا البانیس نے کہا ہے کہ مغربی کنارے، مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ میں اسرائیل کی موجودگی غیر قانونی ہے۔البانیس نے پریس بیانات میں کہا کہ اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو چھوڑنے پر مجبور کیا جانا چاہیے۔ اقوام متحدہ کی عہدے دارنے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی نازک ہے اور اسے برقرار رکھا جانا چاہیے۔ غرب اردن کے شمالی شہر جنین اور اس کے کیمپ پر اسرائیلی فوج نے وحشیانہ دہشت گردی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی فوج کے جاسوسی آلات قبضے میں لے لیے
غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمتی سیکورٹی سروس کے انجینئرز غزہ شہر سے انخلا سے قبل قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے الیکٹرانک آلات میں لگائے گئے خفیہ جاسوسی آلات کو دریافت کرنے میں کامیاب ہو گئے۔گارڈین پلیٹ فارم نے ایک بیان میں کہا کہ پاور بینک فون چارجرز کے اندر خفیہ جاسوسی کے آلات چھپائے گئے تھے۔ کچھ ٹکڑے ایک بڑے جاسوسی نیٹ ورک کا حصہ بھی تھے جو پہلے غزہ شہر کے ایک اسپتال کے اندر سے ملے تھے۔ یہ آلات اب مزاحمت کاروں کے قبضے میں ہیں، جو انٹیلی جنس کا ایک عظیم خزانہ ہے۔
غزہ میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے 6ہزار پولیس اہلکار تعینات
غزہ کی پولیس نے 6ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کی تیاری شروع کردی۔ 7 اکتوبر 2023 ء سے غزہ کی پٹی پر جاری قابض اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 1950 پولیس اہلکار شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ جنگ کے دوران امداد لوٹنے والے گروہ قابض صہیونی فوج کے ساتھ اور اس کی مدد سے مل کر لوٹ مار کرتے تھے ۔ غزہ میں اب تک 11ہزار افراد لاپتا ہیں،جنہیں تلاش کیا جائے گا۔
اسرائیل کا بیت المقدس میں ہزاروں مکانات کی تعمیر کا اعلان
اسرائیلی حکومت مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی حصے میں ہزاروں نئے آبادکاری یونٹس بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے، جس میں الشیخ جراح کے پڑوس میں انتہا پسند آباد کاروں کے لیے ایک مذہبی اسکول کا قیام بھی شامل ہے۔ اسرائیلی اخبار ہارٹز نے کہا کہ بڑے منصوبے میں کفر عقب گاؤں سے ملحقہ قلندیا میں یروشلم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جگہ پر تقریباً 9000 سیٹلمنٹ یونٹس کی تعمیر شامل ہے۔ اس سے قبل قابض حکام نے مقبوضہ شہر کے شمال میں واقع القدس کیبین الاقوامی ہوائی اڈے کی زمین پر ایک بستی قائم کرنے کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔
اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی دوران حراست تشدد سے شہید
اسرائیلی جیلوں میں قید ایک اور فلسطینی صہیونی جلادوں کے تشدد سے شہید ہوگیا۔ فلسطینی محکمہ امور اسیران اور کلب برائے اسیران نے بتایا کہ طولکرم کے نور شمس کیمپ سے تعلق رکھنے والے محمد حسین العارف تشدد سے شہید ہوگئے۔ ان کی ابتدائی طبی رپورٹ میں تشدد کے واضح شواہد سامنے آئے ہیں۔ جسم میں خون جمنے کی وجہ سے انہیں دل کا عارضہ لاحق ہوا۔ ایک چوٹ اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ انہیں دل کا دورہ پڑاتھا۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: بیت المقدس کہا کہ
پڑھیں:
فلسطین پر امت کوفیصلہ کن اقدامات کرنا ہونگے: ایاز صادق
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے استنبول میں فلسطین کی حمایت میں ہونے والے اجلاس میں فلسطین سمیت دیگر ممالک کے سپیکرز سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا اور امت مسلمہ کو اس معاملے پر فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے۔ ترکیے کے شہر استنبول میں فلسطین کی حمایت میں منعقدہ اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شریک ممالک کے سپیکرز، پریذائیڈنگ افسران سے اہم ملاقاتیں کیں اور فلسطین کی تشویش ناک صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم اْمہ کو فلسطین پر متحد ہو کر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے، فلسطینیوں پر ریاستی دہشت گردی دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے فلسطین کے سپیکر سے ملاقات کی اور فلسطینی عوام سے یک جہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینی ماؤں، بچوں اور بزرگوں کا درد محسوس کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام کے دل فلسطینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان کی پارلیمان اور عوام مشکل گھڑی میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان فلسطینی عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان کی پارلیمان نے فلسطینیوں کے حق میں متعدد قراردادیں منظور کیں ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔