طارق روڈ پر اپارٹمنٹ میں فائرنگ سے محکمہ بلدیات کا ملازم جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
کراچی:
طارق روڈ پر کہکشاں اپارٹمنٹ میں فائرنگ سے محکمہ بلدیات کا ملازم جاں بحق ہوگیا۔
ایس ایچ او فیروزآباد انعام حیدر جونیجو نے بتایا کہ طارق روڈ لبرٹی سگنل کے نزدیک کہکشاں بلڈنگ کے فورتھ فلور کا رہائشی 28 سالہ سراج احمد ولد محمد اسماعیل اپنے گھر سے بذریعہ سیڑھیاں نیچے کسی کام سے اتر رہا تھا کہ جب وہ بلڈنگ کے فرسٹ فلور پر پہنچا تو وہاں موجود نامعلوم ملزم نے اس پر فائرنگ کردی۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ نامعلوم ملزم نے سراج کو پانچ گولیاں ماریں، جسے شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج چل بسا، مقتول محکمہ بلدیات میں ملازم تھا، پولیس واقعہ کی تفتیش کررہی ہے۔
دریں اثنا واقعے کامقدمہ نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف فیروزآباد تھانے میں مقتول کے ماموں رسول بخش منگریو کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، پولیس نے جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والے 9 ایم ایم پستول کی گولیوں کے خول فرانزک کے لئے بھیج دئے ہیں۔
اب تک کی تفتیش کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے، مقتول کی لاش کو تدفین کےلیے جیکب آباد منتقل کردیا گیا، پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی سے راولپنڈی جانے والی ٹرین کے واش روم سے پھندا لگی لاش برآمد
لاہور میں تیزگام ٹرین کے واش روم سے نامعلوم شخص کی پھندا لگی لاش ملی ہے، ریلوے پولیس نے ورثاء کی تلاش شروع کردی۔
پولیس کے مطابق کراچی سے راولپنڈی جا نے والی تیزگام ایکسپریس لاہور ریلوے اسٹیشن پر رُکی تو اس کے ٹوائلٹ سے نامعلوم شخص کی پھندا لگی لاش ملی۔
مسافروں کی اطلاع پر ریلوے پولیس نے لاش تحویل میں لے لی، جاں بحق شخص کی عمر 60 سے 70 سال کے درمیان ہے۔
مسافر کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں پایا گیا، پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کرکے ورثاء کی تلاش شروع کر دی ہے۔