فیصل آباد کے سابق ایڈیشنل کمشنر کو مسلح افراد نے اغوا کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2025 GMT
لاہور:
پنجاب کے دارالحکومت کے علاقے ستوکتلہ سے فیصل آباد کے سابق ایڈیشنل کمشنر کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ستوکتلہ کے علاقے سے سابق ایڈیشنل کمشنر خادم جیلانی فیصل آباد کو اغوا کر لیا گیا جس کا مقدمہ پولیس نے اہلیہ کی مدعیت میں درج کرلیا۔
پولیس نے اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ 10 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ رات 9 سے 10 نقاب پوش دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے اور فیملی کو ایک کمرے میں بند کرکے لوٹ مار کی۔
ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ نقاب پوش افراد نے نقدی، موبائل فونز، پاسپورٹ اور دیگر قیمتی سامان لوٹا جبکہ وہ خادم جیلانی کو اسلحے کے زور پر یرغمال بناکر اپنے ہمراہ لے گئے، اس کے علاوہ وہ جاتے ہوئے ہمارے گاڑی بھی ساتھ لے گئے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاڑہ چنار میں زہریلا کھانا کھانے سے 150 افراد کی حالت غیر
زہریلا کھانا کھانے سے ضلع کرم کے علاقے پاڑہ چنار میں 150 افراد کی حالت غیر ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاڑہ چنار میں شادی میں زہریلا کھانا کھانے سے بچوں سمیت ڈیڑھ سو افراد کی حالت غیر ہو گئی، جن میں سے 100 سے زائد بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال لے جایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر بچوں کی طبیعت فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے بگڑی ہے۔ یہ افسوس ناک واقعہ پاڑہ چنار کے نواحی علاقے شلوزان دوراوی میں شادی کی تقریب میں مضر صحت کھانا کھانے سے پیش آیا، ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد میں اکثریت بچوں کی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر خالد عمران نے بتایا کہ تمام متاثرہ بچوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور اسپتال میں تمام تر طبی سہولیات موجود ہیں، اسپتال کے ایم ایس کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچوں کو بھرپور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے پاڑہ چنار میں راستوں کی بدستور بندش سے اشیائے ضروریہ کی قلت ہے، امن معاہدوں کے اعلانات کے باوجود پاڑہ چنار کے راستے گزشتہ کئی مہینوں سے بند ہیں اور اشیائے تجارت شہر تک نہیں پہنچ پا رہی ہیں جس کے باعث حالات کافی مخدوش ہیں۔