کراچی: پورٹ قاسم کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2025 GMT
پورٹ قاسم گیٹ نمبر 2 کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 58 سالہ فرید کے نام سے کی گئی جو کہ سیکیورٹی گارڈ اور حادثہ ٹریلر کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
تاہم، پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثناء سپر ہائی وے کراچی سے حیدرآباد جانے والے ٹریک پر نوری آباد کے قریب کار حادثے کا شکار ہوگئی جس کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کا عملہ ایمبولینس اور ہائی وے رسپانس وہیکل کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کار میں موجود خاتون اور مرد کو زخمی حالت میں نکال کر فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا حادثے کا شکار کار کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
راولپنڈی میں چالیس سالہ شخص کو قتل کرکے لاش کنویں میں پھینک دی گئی
راولپنڈی تھانہ روات کے علاقے اوجریالہ گاؤں میں اندھے قتل کی واردات ہوئی جس میں چالیس سالہ شخص کو ہاتھ کمر سے باندھ کر فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد لاش کنویں میں پھینک دی گئی۔
پولیس کے مطابق فصل کی دیکھ بھال کرنے اور مویشی چرانے کے لیے کھیتوں میں جانے والے مقامی شخص نے کنویں میں نعش دیکھ کرپولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو 1122 کو طلب کرکے ریسکیو ٹیم کے ذریعے لاش کو کنویں سے نکلوایا۔
پولیس حکام کا کہنا تھاکہ لاش تیس سے چالیس سالہ شخص کی ہے جس کی داڑھی ہے، اس کے دونوں ہاتھ کمر پر بندھے ہوئے تھے جبکہ سینے پر گولی لگی ہوئی تھی، لاش کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔
پولیس نے فرانزک ماہرین کی جانب سے شواہد اکٹھے کیے جانے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مقتول کی شناخت کے لیے ملحقہ علاقوں سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں اور مزید قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔