ڈی جی عبدالرشید سولنگی لوٹ مار میں بے قابو
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2025 GMT
بیوروکریٹس کے لیے سونے کی چڑیا سمجھی جانے والی کرسی ڈی جی ایس بی سی اے ایک بار پھر گھومنے لگی ہے۔ اس بار یہ سونے کی کان کسے دی جائے گی، اس کا خفیہ طور پر پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ریٹائرمنٹ کی دہلیز پر کھڑے ڈی جی عبدالرشید سولنگی کی جانب سے دن رات لوٹ مار کے قصے زیر گردش آنے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ عبدالرشید سولنگی کوریٹائرمنٹ کی تاریخ یعنی 6؍فروری تک مہلت دینے کے بجائے کیوں نہ جبری رخصت پر بھیج دیا جائے۔ ڈی جی ایس بی سی اے عبدالرشید سولنگی نے 2024کے دوسرے مہینے میں اس سونے کی کان کا ٹھیکہ سنبھالا تھا اور اپنے پچھلے ڈی جی سے تحفہ میں ملنے اور اس گورکھ دھندے کو چلانے کے لیے رشید سولنگی کو بھی ان ہی بے ساکھیوں کا سہارا لینا پڑا تھا جو سابقہ ڈی جی سے انہیں تحفے میں ملے ہیں۔ ان میں سرفہرست اس سونے کی کان کو چلانے والوں میں ڈائریکٹر ڈیمولیشن عبدالسجاد ،ایس بی آئی عاصم،پی ایس ٹو ڈی جی خالد جمالی،پی ایس ٹو ڈی جی راشد ناریجو شامل ہیں یہ تمام کالی بھڑیں کئی سالوں سے حکومتی خزانے کو خالی کرکے اپنا بینک بیلنس بنانے میں مصروف ہیں۔ اس گورکھ دھندے کے سرغنہ ٹھیکیدار ڈی جی ایس بی سی ہیں جو اتنے خود سر ہوچکے ہیں کہ اس وقت کسی بھی گرفت یا قانونی جوابدہی سے لاپروا ہو چکے ہیں اور کسی بھی اعلیٰ شخصیت تک کی بات سننے کوتیار دکھائی نہیں دیتے۔ گزشتہ دنوں ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عبدالرشید سولنگی کے خلاف سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کے ایک رکن عامر صدیقی نے تحریک استحقاق جمع کراتے ہوئے کہا تھا کہ مسلسل چھ ماہ سے خطوط لکھنے اور کالز کے باوجود ڈی جی ایس بی سی انہیں جواب نہیں دے رہے ۔ عامر صدیقی نے کہا تھا کہ بحیثیت رکن اسمبلی ان کا استحقاق مجروح ہوا ۔لہٰذا ڈی جی ایس بی سی اے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ سندھ حکومت نے معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اپنے لاڈلے ڈی جی ایس بی سی اے سے باز پرس کے بجائے سونے کی اس کان سے اپنا بینک بیلنس بنانے والے ڈی جی رشید سولنگی کو ان کی ریٹائرمنٹ چھ فروری سے پہلے ہی راہداری فراہم کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ کسی بھی وقت ٹکٹ کٹاکر جبری رخصت پر بیرون ملک فرار ہوسکتے ہیں ان کی جگہ پیپلزپارٹی اور خاص طور پر سید ناصر شاہ کی چوکھٹ پر حاضری دینے والے نئی ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو یہ ٹھیکہ سنبھالنے اور روز کا حساب روز دینے پر کمربستہ دکھائی دیتے ہیں۔ یوں ایک بار پھر سے ڈائریکٹر ڈیمالیشن، عبدالسجاد، ایس بی آئی عاصم،پی ایس ٹو ڈی جی خالد جمالی،پی ایس ٹو ڈی جی راشد ناریجو اور اپنے پرموشن کے منتظر ڈپٹی ڈائریکٹرفنانس حفیظ الدین کی پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑھائی میں ہوگا ۔واضح رہے کہ اس گنگا میں ہاتھ دھونے والے اے ڈی خالد جمالی ایک عرصے سے معطل ہیں اور ڈی جی ایس بی سی اے رشید سولنگی کے سسٹم کا مرکزی مہرہ سمجھے جاتے ہیں۔
.ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: ڈی جی ایس بی سی اے سونے کی
پڑھیں:
سونے کی بالی گم ہونے پر بیوی کو جلانے والے سفاک ملزم کو 12 سال قید کی سزا
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نے سونے کی بالی گم ہونے پر پیٹول چھڑک کر بیوی کو جلانے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے سفاک ملزم کو 12 سال قید کی سزا سنادی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نے سونے کی بالی گم ہونے پر بیوی کو جلانے کے مقدمے کا 6 سال بعد فیصلہ سنایا۔
استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امیر الدین نے ملزم مہتاب کو 12 سال قید کی سزا سنادی۔
عدالت نے ملزم کو دیت کی سزا بھی سنادی، عدالت نے ملزم کو مقتولہ کے ورثا کو 5 سال تک 5 ہزار روپے ماہانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ کیس اس چیز کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے کہ صنفی بنیاد پر تشدد کا خاتمہ ہو، ان واقعات میں عدلیہ کا کردار اہمیت کا حامل ہے، اس کیس میں مقتولہ کا مرتے وقت قلمبند کروایا گیا بیان اہم تھا۔
استغاثہ کے مطابق مقتولہ اور اس کے شوہر کے درمیان بالی گم ہونے پر جھگڑا ہوا، شوہر نے مقتولہ پر پیٹرول چھڑکا جب کہ اس کے سسر ذوالفقار نے آگ لگائی، مقتولہ کے بھائی نے موقع پر پہنچ کر خاتون کو اسپتال منتقل کیا، بعد ازاں مقتولہ دوران علاج دم توڑ گئی۔
دوران ٹرائل خاتون کے سسر ملزم ذوالفقار کا انتقال ہوگیا تھا، پولیس کے مطابق ملزم کیخلاف تھانہ مومن آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔