سربراہ ٹڈاپ کے استعفیٰ سے ہلچل، حکومت منظور نہ کرے ،بزنس کمیونٹی کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2025 GMT
کراچی (اوصاف نیوز) ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ٹڈاپ) کے چیئرمین زبیر موتی والا کے استعفے نے کاروباری حلقوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ تاجر و صنعتکار برادری نے ان کے استعفیٰ کو ملکی برآمدات کے لئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے، وزیرِ اعظم اور وزیرِ تجارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زبیر موتی والا کا استعفیٰ مسترد کر دیں اور انہیں اپنے عہدے پر برقرار رکھیں۔
زبیر موتی والا نے گزشتہ روز ذاتی وجوہات کی بنا پر ٹڈاپ کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف، وزیرِ تجارت جام کمال اور ٹڈاپ کی ٹیم کے ساتھ ان کا تعاون جاری رہے گا۔
زبیر موتی والا کی قیادت میں ٹڈاپ نے متعدد کامیاب منصوبوں کی تکمیل کی جن میں فوڈ ایکسپو، TEXPO اور ویکس نیٹ نمائش شامل ہیں۔ ان نمائشوں نے نہ صرف پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرایا بلکہ پاکستان کی برآمدات میں بھی اضافہ کیا۔
ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کے سابق چیئرمین محمد حنیف گوہر نے کہا کہ زبیر موتی والا نے ٹڈاپ کے تحت پاکستان کی برآمدات کو نئی جہت دی ہے اور ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زبیر موتی والا کی قیادت میں ٹڈاپ نے پاکستان کی ٹیکسٹائل اور لیدر صنعت کو عالمی سطح پر فروغ دیا۔
محمد فاروق افضل، سی ای او آئی اینڈ ٹی گروپ نے وزیراعظم اور وزیرِ تجارت سے درخواست کی کہ وہ زبیر موتی والا کے استعفیٰ کو مسترد کریں اور انہیں اپنی مدت پوری کرنے کی ہدایت دیں۔
معروف بزنس مین منصور کادوانی نے بھی زبیر موتی والا کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ ان کے استعفیٰ سے پاکستانی برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹڈاپ اور زبیر موتی والا ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم بن چکے ہیں۔
اس صورتحال میں بزنس کمیونٹی کی جانب سے زبیر موتی والا کے استعفیٰ کو واپس لینے کے مطالبات میں شدت آ گئی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ حکومت اس معاملے پر جلد فیصلہ کرے گی۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
سکھر دھرنا، کراچی چیمبر کا حکومت سے قومی شاہراہ بحال کرنے کا مطالبہ
صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی نے کہا کہ احتجاج کا حق تسلیم کرتے ہیں، لیکن اقتصادی سرگرمیوں کو روکنا قابل قبول نہیں ہے، حکومت فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرے۔ اسلام ٹائمز۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سکھر کے قریب دھرنے، شاہراہ کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری مذاکرات کے ذریعے قومی شاہراہ بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی نے کہا ہے کہ ببرلو کے قریب دھرنے سے نیشنل ہائی وے پر ٹریفک جام، سامان کی ترسیل بری طرح متاثر ہو رہی ہے، راستوں کی بندش سے برآمدی سامان، جلد خراب ہونے والی اشیاء بروقت منزل مقصود تک نہیں پہنچ رہی ہیں، روہڑی، علی واہن سمیت کئی علاقوں میں مال بردار گاڑیاں اور کنٹینرز پھنس گئے۔ صدر کراچی چیمبر نے کہا کہ دھرنوں اور بندشوں سے ملکی تجارت، برآمدات اور ساکھ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کا حق تسلیم کرتے ہیں، لیکن اقتصادی سرگرمیوں کو روکنا قابل قبول نہیں ہے، حکومت فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرے اور قومی شاہراہ بحال کروائے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے سے معیشت، روزگار اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں اور صورتحال ہر گھنٹے بگڑ رہی ہے۔