شیر افضل مروت نے پارٹی کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2025 GMT
پی ٹی آئی رہنما کے شوکاز کے جواب میں کہا گیا ہے کہ مجھ پر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا، نوٹس سلمان اکرم راجا سے متعلق میرے بیان کے تناظر میں بھیجا گیا۔ شیر افضل مروت کا کہنا تھا سلمان اکرم راجا کے اقدامات پر قابو نہ پایا گیا تو پارٹی تقسیم ہو جائے گی۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے پارٹی کی جانب سے بھیجے گئے شوکاز کا جواب جمع کرا دیا۔ رپورٹ کے مطابق شیر افضل مروت نے شوکاز نوٹس کا تحریری جواب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کو ارسال کر دیا۔ پی ٹی آئی رہنما کے شوکاز کے جواب میں کہا گیا ہے کہ مجھ پر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا، نوٹس سلمان اکرم راجا سے متعلق میرے بیان کے تناظر میں بھیجا گیا۔ شیر افضل مروت کا کہنا تھا سلمان اکرم راجا کے اقدامات پر قابو نہ پایا گیا تو پارٹی تقسیم ہو جائے گی، سلمان اکرم راجا کا تبصرہ پارٹی میں میری ساکھ کو نقصان پہنچاننے والا تھا۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا پہلے بھی پنجاب کے ایک ایم پی اے نے بانی پی ٹی آئی کو میرے متعلق گمراہ کیا تھا، وضاحت کا موقع فراہم کیے بغیر مجھے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔ افضل مروت نے اپنے جواب میں شکوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی فورمز پر خدشات اٹھانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی، امید ہے کہ میرے اٹھائے گئے خدشات کو دور کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے گئے تھے جس پر پی ٹی آئی نے عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سلمان اکرم راجا شیر افضل مروت افضل مروت نے پی ٹی آئی
پڑھیں:
ہمیں معیشت کی بہتری کا جھوٹا بیانیہ دیا گیا، سلمان اکرم راجہ
وفاقی دارالحکومت میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک گلدستہ ہے جس میں ہر عقیدے ہر مسلک کی نمائندگی ہے، آج اس ملک میں آئین اور قانون نہیں، چادر چاردیواری محفوظ نہیں۔ اسلام ٹائمز۔ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ہمیں معیشت کی بہتری کا جھوٹا بیانیہ دیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک گلدستہ ہے جس میں ہر عقیدے ہر مسلک کی نمائندگی ہے، آج اس ملک میں آئین اور قانون نہیں، چادر چاردیواری محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج آپ، میں اور ہم سب نشانہ ہیں، ہمارے خلاف منصوبے بنتے ہیں، مگر ہم کہتے ہیں آؤ ہم سے بات کرو آئین کے تحفظ اور بہتری کے لئے ہی تحریک تحفظ آئین پاکستان چلی ہے۔
جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمیں جھوٹا بیانیہ دیا جاتا ہے کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے، معیشت کی بہتری اور شخصی آزادیوں کا آپس میں کوئی ماپنے کا پیمانہ نہیں، ہم سب ایک فریب زدہ نظام تلے جی رہے ہیں۔ سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہر مسلک سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کو کہا کہ میں تمہارے ساتھ کھڑا ہوں، انشا اللہ جیت ہماری ہو گی۔