ٹرمپ کے جارحانہ انداز اور غیر معمولی اقدامات سے دنیا ہل گئی، ایکسپریس فورم
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
لاہور:
ڈونلڈ ٹرمپ ’’سب سے پہلے امریکا‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، ان کے جارحانہ انداز اور غیر معمولی اقدامات سے دنیا ہل گئی ہے، خود امریکی عوام اور اقوام متحدہ تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی امریکی صدر نے پہلے روز اتنی بڑی تعداد میں ایگزیکٹیو آرڈر جاری کیے ، یہ ان کے جارحانہ انداز اور اپنے خلاف ہونے والے اقدامات کا ردعمل ہے۔
ان خیالات کا اظہار ماہرین امور خارجہ اور سیاسی تجزیہ کاروں نے ’’نو منتخب امریکی صدر کی پالیسیاں اور خطے پر اس کے اثرات‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں کیا۔
فورم کی معاونت کے فرائض احسن کامرے نے سرانجام دیے۔
ڈین فیکلٹی آف بیہیویرل اینڈ سوشل سائنسز، جامعہ پنجاب، پروفیسر ڈاکٹر ارم خالد نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا سٹائل ماضی سے مختلف ہے ، ان کا اندازجارحانہ اور اپنے خلاف اقدامات کا ردعمل معلوم ہوتا ہے، وہ اپنے لوگوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ان کی خواہشات اور توقعات پوری کرنے آئے ہیں۔
پاک امریکا تعلقات کبھی بھی مثالی نہیں رہے، ہم نے اپنی ضروریات کے حساب سے تعلق بنائے، ہمیں ہاتھ پھیلانے کے بجائے خود انحصاری کی طرف بڑھنا ہوگا۔
ماہر امور خارجہ و سیاسی تجزیہ کار ڈاکٹر اعجاز بٹ نے کہا کہ1947ء سے آج تک ہمارا انحصار امریکا پر رہا ہے، ہمیں اس سے مالی و ملٹری امداد ملتی رہی ہے۔
ٹرمپ کی توجہ امریکا کے اندرونی معاملات پر ہے، وہ بیرونی جنگوں میں وسائل ضائع نہیں کرنا چاہتے بلکہ چین کی طرح جنگ کے بجائے ترقی کی پالیسی اپنا رہے ہیں۔
جب تک ہم امریکا پر انحصار کم نہیں کریں گے، ہم متاثر ہوتے رہیں گے۔
ڈائریکٹر پاکستان سٹڈی سینٹر، جامعہ پنجاب ڈاکٹر امجد مگسی نے کہا کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹیو آرڈرز سے پوری دنیا کو جھٹکا لگا ، اقوام متحدہ میں تشویش پائی گئی ہے، عالمی ادارہ صحت کے امریکی فنڈز ختم کر دیے گئے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
روس اور یوکرین رواں ہفتے معاہدہ کر لیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ
اپنے ایک بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ڈیل کے بعد دونوں ممالک امریکا کے ساتھ بڑی تجارت کرنا شروع کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تجارت سے دونوں ممالک ترقی کریں گے اور دولت کمائیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ روس اور یوکرین رواں ہفتے معاہدہ کریں گے۔ واشنگٹن سے جاری کردہ بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ڈیل کے بعد دونوں ممالک امریکا کے ساتھ بڑی تجارت کرنا شروع کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تجارت سے دونوں ممالک ترقی کریں گے اور دولت کمائیں گے۔ دوسری جانب یوکرین نے روس پر ایسٹر کے دوران جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔ واضح رہے کہ ہفتے کے روز روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا تھا کہ انہوں نے ایسٹر کے موقع پر جنگ بندی کرتے ہوئے اپنی افواج کو تمام فوجی سرگرمیاں بند کرنے کا حکم دیا ہے۔