صا حبزادہ ابوالخیر زبیر کا مولانا عبدالوحید قریشی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما اور سابق ایم پی اے مولانا عبدالوحید قریشی کے گھر جا کر ان کے صاحبزادوں عارف قریشی،منصور قریشی،عمر فاروق قریشی،حسین قریشی سے تعزیت کی ۔اس موقع پر ان کے ساتھ جے یو پی کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر یونس دانش،مرکزی نائب صدر ناظم علی آرائیں،ضلعی صدر حافظ غلام سرورامینی،ضلعی جنرل سیکرٹری محمد رضوان شیخ اور عبید رضا بھی تھے۔ صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہا کہ مولانا عبدالوحید قریشی حیدرآباد کے سینئر سیاست دان اورملنسار شخصیت کے مالک تھے، انہوں نے ممبر صوبائی اسمبلی کی حیثیت سے حیدرآباد کے شہریوں کی بلا امتیار خدمت کو اپنا شعار بنایا ،دینی فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے، ان کے انتقال سے حیدرآباد ایک شریف النفس اور ہر ایک سے محبت کرنے والے ساتھی سے محروم ہو گیا۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
صدر اور وزیراعظم کا پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رومن کیتھولک چرچ کے پیشواپوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے جاری کردہ تعزیتی بیان میں صدر مملکت نے آنجہانی پوپ کے بین المذاہب ہم آہنگی، ہمدردی اور پرامن بقائے باہمی کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے انتقال پر حکومت ِپاکستان اور عوام کی جانب سے ویٹیکن اور پوری کیتھولک کمیونٹی سے تعزیت کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ پوپ فرانسس امن اور انصاف کی ایک توانا آواز تھے، پوپ فرانسس کو دنیا بھر میں امن، سماجی انصاف، بین المذاہب مکالمے اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کاوشوں کے لیے یاد رکھا جائے گا۔آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پوپ فرانسس نے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی کمیونٹیز کو جوڑنے کیلئے کاوشیں کیں. باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کیلئے پوپ فرانسس کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پوپ فرانسس کا انتقال نہ صرف مسیحیوں بلکہ تمام مذاہب کے درمیان امن اور مکالمے کی قدر کرنے والوں کے لیے ایک عظیم نقصان ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی رومن کیتھولک چرچ کے پیشوا پوپ فرانسس کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاپائے روم اربوں انسانوں کو اچھائی کی ترغیب، امن و سلامتی کیلئے رہنمائی فراہم کرتے رہے، آنجہانی پوپ فرانسس بین المذہبی ہم آہنگی، امن اور انسانیت کے فروغ کے علمبردار تھے۔انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس کی قیادت میں کیتھولک چرچ نے دنیا بھر میں محبت، تحمل اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کیا، انکا طرزِ عمل نہ صرف مسیحی دنیا کے لیے، بلکہ تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے مشعلِ راہ رہا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوپ فرانسس کا گزشتہ روز ایسٹر کے موقع پر غزہ اور فلسطین میں فوری جنگ بندی اور انسانی حقوق کی پامالی روکنے کا بیان انکی پرامن و انسانیت کی محبت سے بھرپور شخصیت کی عکاسی ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ پوپ فرانسس کی رحلت پوری دنیا، بالخصوص مسیحی برادری کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے.میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے ویٹی کن سٹی، عالمی مسیحی برادری اور دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔